اوپیک پلس کا تیل کی پیداواری صلاحیتوں کے تعین کا فیصلہ مؤخر، 21 ممالک میں اتفاق نہ ہوسکا

سعودی عرب، روس اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے اتحاد اوپیک پلس کے دیگر 19 ارکان نے تیل کی پیداواری صلاحیتوں کے تعین سے متعلق اہم فیصلے کو مؤخر کردیا ہے۔ ایران اور یوکرین کی جنگوں کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کو فیصلے میں تاخیر کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ نئے پیداواری معیار کے تعین سے متعلق فیصلہ اب 6 جون 2027 کو یا اس سے پہلے کیے جانے کا امکان ہے، اس کا انحصار عالمی مارکیٹ کے حالات پر ہوگا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپیک پلس کے رکن ممالک کا اتوار کو آن لائن اجلاس ہوا جس میں تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی تیل مارکیٹ کی موجودہ صورتحال، رسد و طلب کے رجحانات اور مستقبل میں پیداوار کے تعین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں نئی بنیادی پیداواری صلاحیتوں کی سطح مقرر کرنے کے بجائے مزید مشاورت کی جائے اور عالمی منڈی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔
اوپیک پلس کی جانب سے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ نئی بنیادی پیداواری صلاحیتوں کے تعین کا فیصلہ 6 جون 2027 کو یا اس سے پہلے کیا جائے گا، بشرطیکہ مارکیٹ کے حالات اس کی اجازت دیں۔ بیان کے مطابق بعض رکن ممالک نے اس معاملے پر مزید غور و خوض کی درخواست کی ہے، جس کے لیے مشاورت کا عمل مارچ 2027 کے اختتام تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنیادی پیداواری صلاحیت کا تعین کیوں اہم ہے؟
اوپیک پلس کے سامنے اس وقت 2 اہم معاملات ہیں۔ پہلا یہ کہ آئندہ سال کے لیے ہر رکن ملک کا تیل پیدا کرنے کا کوٹہ کتنا مقرر کیا جائے گا اور دوسرا یہ کہ ہر ملک کی نئی بنیادی پیداواری صلاحیت کو کس حد تک تسلیم کیا جائے گا۔
بنیادی پیداواری صلاحیت وہ پیمانہ ہے جس کی بنیاد پر کسی ملک کے لیے تیل کی پیداوار کی حد اور کوٹہ مقرر کیا جاتا ہے۔ اگر کسی ملک کی پیداواری صلاحیت زیادہ تسلیم کی جائے تو اسے نسبتاً زیادہ تیل پیدا کرنے کی اجازت مل سکتی ہے جبکہ کم بنیادی صلاحیت مقرر ہونے کی صورت میں اس کے پیداواری کوٹے پر بھی اثر پڑتا ہے۔
یہ معاملہ اوپیک پلس کے رکن ممالک کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات کا باعث رہا ہے۔ ہر ملک کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کی حقیقی پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ تسلیم کیا جائے تاکہ اسے عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنے کا زیادہ حصہ مل سکے اور اس کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ اسی وجہ سے نئی بنیادی صلاحیتوں کے تعین کے مذاکرات کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
جنگوں نے عالمی تیل مارکیٹ کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا
اوپیک پلس کی جانب سے فیصلہ مؤخر کرنے کی ایک بڑی وجہ ایران اور یوکرین کی جنگوں کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال ہے۔ ان تنازعات نے تیل کی عالمی رسد، ترسیل کے راستوں، طلب اور قیمتوں کے مستقبل کے حوالے سے خدشات پیدا کیے ہیں۔
عالمی معیشت کی رفتار، بڑی معیشتوں میں تیل کی کھپت اور متبادل توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بھی تیل کی منڈی کے مستقبل کا اندازہ لگانا مشکل بنا دیا ہے۔ ان عوامل کے باعث تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے یہ طے کرنا آسان نہیں رہا کہ آنے والے عرصے میں عالمی منڈی کو کتنی مقدار میں تیل درکار ہوگا۔
فی الحال نئی بنیادی پیداواری صلاحیتوں اور کوٹوں کے حوالے سے کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا گیا اور موجودہ انتظام برقرار رہے گا۔ اوپیک پلس کے ارکان اب مارچ 2027 کے اختتام تک مزید مشاورت کریں گے، جس کے بعد عالمی مارکیٹ کے حالات کو دیکھتے ہوئے جون 2027 تک حتمی فیصلے کی راہ ہموار کی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت