اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

قومی خبریں
کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہریوں کی جانیں غیر محفوظ ہوگئیں، کورنگی کراسنگ ندی کے قریب مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ ندی کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکوؤں نے ایک کار میں سوار خاندان کو لوٹنے کی کوشش کی۔ اس دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں موجود خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔

مقتولہ کے شوہر نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے انہیں روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ ملزمان کی جانب سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کی گئی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر ان کی اہلیہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واردات میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جب کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے ایک بار پھر شہریوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت