نیتن یاہو کی اپوزیشن لیڈر کو اتحادی حکومت میں پہلے وزیراعظم بننے کی پیشکش

اسرائیل میں حکومت سازی کا تعطل ختم کرنے کے لیے وزیراعظم نیتن یاہو نے اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو مخلوط حکومت کی سربراہی کی پیشکش کردی، جس کے تحت وہ پہلے وزیراعظم جبکہ نیتن یاہو متبادل وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اسرائیل میں حالیہ انتخابات کے بعد کسی بھی سیاسی اتحاد کے واضح اکثریت حاصل نہ کرنے کے باعث نئی حکومت کی تشکیل کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔ سیاسی بحران کے خاتمے اور اتحادی حکومت کے قیام کے امکانات پر غور کے لیے نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ آج ملاقات کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے گزشتہ روز حکومت سازی کے لیے پیش رفت کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما کو اقتدار میں شراکت کی پیشکش کی۔ تجویز کے مطابق گادی آئزنکوٹ اتحادی حکومت کے پہلے وزیراعظم ہوں گے، جبکہ نیتن یاہو ان کے متبادل وزیراعظم کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی انتخابات میں حکومتی اور اپوزیشن اتحاد میں سے کوئی بھی پارلیمان میں مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکا تھا، جس کے باعث حکومت سازی کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔ اس صورت حال میں عرب جماعتوں کی حمایت فیصلہ کن اہمیت اختیار کرگئی تھی اور وہ حکومت کے قیام میں اہم کردار کی حامل بن گئی تھیں۔
بعد ازاں اسرائیلی صدر نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی تھی۔ انہیں حکومت سازی کے لیے 20 دسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے، جس کے دوران انہیں مختلف جماعتوں کو ساتھ ملا کر پارلیمانی اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت