اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سانحہ ایڈمن سوسائٹی: 5 روز گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری ہے، منعم ظفر

قومی خبریں
سانحہ ایڈمن سوسائٹی: 5 روز گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری ہے، منعم ظفر

سانحہ ایڈمن سوسائٹی کے 5 روز گزرنے کے باوجود امدادی کارروائیاں مکمل نہ ہوسکیں، ملبے سے اب تک 15 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر اور متعلقہ اداروں کی غفلت کو انسانی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی موجودگی میں ایسی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کی جانیں خطرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے 5 روز گزرنے کے باوجود امدادی کارروائیاں مکمل نہیں ہوسکیں۔ حادثے کے مقام سے اب تک 15 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جبکہ 2 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے محض بعض اہلکاروں کو معطل کردیا جاتا ہے، تاہم کچھ عرصے بعد انہیں دوبارہ عہدوں پر بحال کردیا جاتا ہے۔ اس طرز عمل سے غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہونے کے بجائے ذمہ دار عناصر کو مزید شہ ملتی ہے۔

منعم ظفر خان نے الزام عائد کیا کہ قابض ٹاؤن چیئرمین کی سرپرستی میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے اس معاملے پر متعلقہ حکام کو خطوط لکھ کر مسلسل احتجاج ریکارڈ کرایا جاتا رہا، لیکن ان شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور نہ ہی مؤثر اقدامات کیے گئے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت