افغانستان میں اسکول کے قریب دھماکا، 7 طلبہ جاں بحق
افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں اسکول کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 7 طلبہ جاں بحق اور 97 زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکا کنڑ میں ایک تعلیمی ادارے کے نزدیک ہوا، جہاں کان کنی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے زیر استعمال ایک ڈپو میں بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔
افغان حکام کی ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دھماکا اسی ڈپو میں رکھے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کردیا۔ حکام دھماکے کی وجوہات اور اس سے متعلق دیگر پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کنڑ کے اسپتال کے سربراہ مولاداد نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد فی الحال ابتدائی معلومات کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے اور تحقیقات آگے بڑھنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد میں ردوبدل بھی ہوسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت