ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبرپختونخوا میں 10 ماہ کے دوران 500 سے زائد دہشتگرد ہلاک: سی ٹی ڈی

قومی خبریں

خیبرپختونخوا میں رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ اور 10 دنوں کے دوران دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں 534 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ صوبے بھر میں دہشتگردی کے 1597 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں ایسے مطلوب ملزمان بھی شامل تھے جن کے سروں کی قیمت کروڑوں روپے مقرر کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں رہا، جہاں رواں سال 276 مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقدمات میں نامزد 1503 ملزمان تاحال مفرور ہیں، جبکہ 46 کو گرفتار اور 140 کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 109 ملزمان مارے گئے، جبکہ 13 کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے مقدمات کے سلسلے میں 135 ملزمان ہلاک ہوئے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں پشاور کی صورت حال سے متعلق بتایا گیا ہے کہ شہر میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث 129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 40 دہشتگرد مارے گئے۔ اس کے علاوہ 687 ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق باجوڑ میں بھی دہشتگردی کے واقعات کے حوالے سے 134 مقدمات درج کیے گئے، جن میں نامزد 42 ملزمان گرفتار اور 6 ہلاک ہوئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت