ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پنجاب میں ڈرون اُڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد

قومی خبریں

لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 دن کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت اس پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یہ پابندی عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے لگائی گئی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر ہر صورت میں من و عن عملدرآمد کروایا جائے۔

شادی ہالز اور مارکیز کے اندر جاری تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم ان اندرونی مقامات پر ڈرونز کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کی تمام تر قانونی و انتظامی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر ہی عائد کی گئی ہے۔

پابندی سے انٹیلی جنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کے خواہشمند افراد کو ضلعی سطح پر قائم کردہ سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت نامہ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ سیف ڈرون یوزیج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ تحریری اجازت نامہ رکھنے والے افراد کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں ممکنہ سکیورٹی خطرات کو ٹالنے اور پرامن ماحول برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھا۔

حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں اس پابندی کی کڑی نگرانی کریں۔ کسی بھی غیر مجاز ڈرون کی پرواز پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی فیصلوں کا احترام کریں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت