پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون بڑھانے پر اتفاق: اعلامیہ

اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور باہمی سلامتی کے امور پر تفصیلی غور کیا ہے جس کے بعد ایک اہم مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شرکاء نے 31 اگست 2026ء کو استنبول اور 5 اکتوبر 2026ء کو ریاض میں ہونے والے گزشتہ اجلاسوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے جلد از جلد مکمل فعال بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اجلاس میں سراہا گیا ہے۔ تینوں ممالک کے نمائندوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیکریٹریٹ کا قیام دفاعی تعاون کو مزید مربوط بنائے گا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے مشاورت کا سلسلہ مستقل جاری رکھنے، خطے میں کشیدگی کم کرنے کی حمایت کرنے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا تاکہ مسلم دنیا میں استحکام کی فضا قائم رہ سکے۔
سعودی عرب میں شہریوں اور اہم شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کی بھرپور حمایت کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا ہے۔
اجتماعی دفاعی صلاحیتوں کو نکھارنے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا گیا ہے۔ یہ شراکت داری خطے کی دفاعی قوت کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔
تینوں برادر ممالک نے باہمی دفاعی تعلقات کو تزویراتی سطح پر وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس اجلاس نے ثابت کیا ہے کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک ایک مضبوط اور فعال اتحاد کے طور پر کام کرنے کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت