ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

قومی خبریں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داؤدی بوہرہ برادری نے نسلوں سے تجارت، صنعت اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے صوبے کی معاشی ترقی میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔

سندھ حکومت برادری کے تجربے، سرمایہ اور عالمی روابط سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیکسٹائل، ادویات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم کے خصوصی اقتصادی زونز بھی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتی سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے چھوٹے اور خواتین کے کاروبار کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تجربہ کار کاروباری خاندانوں سے نوجوانوں کی رہنمائی اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرہ کاروباری افراد کو صنعتی زونز میں سرمایہ کاری اور مقامی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کی تجاویز پر حکومت قانون کے مطابق مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے حکومت اور بوہرہ کاروباری برادری کے درمیان مستقل رابطے کا نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت