ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

گندم درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، حیدرآباد سب سے مہنگا

قومی خبریں
گندم درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، حیدرآباد سب سے مہنگا

کراچی: وفاقی حکومت کے اقدامات اور گندم کی بڑے پیمانے پر درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں قابو میں نہ آسکیں اور اس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حیدرآباد کے شہری اس وقت ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں قیمتیں ریکارڈ سطح پر ہیں۔

ادارہ شماریات نے واضح کیا ہے کہ پشاور میں آٹے کا تھیلا 3 ہزار 750 روپے جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں 3 ہزار 733 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح کراچی، بنوں اور کوئٹہ میں بھی عوام کو ریلیف نہ مل سکا اور وہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت 3 ہزار 600 روپے میں جاری ہے۔

صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت 3 ہزار 560 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں کی صورتحال بیان کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گجرانوالہ، سیالکوٹ اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 3 ہزار 533 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت