ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سپر ماریو ویڈیو گیم کی 96 ہزار ڈالر میں ریکارڈ نیلامی

قومی خبریں
سپر ماریو ویڈیو گیم کی 96 ہزار ڈالر میں ریکارڈ نیلامی

ڈلاس: 1985 میں تیار کردہ مشہور ویڈیو گیم سپر ماریو برادرز کی ایک نایاب کاپی نے نیلامی میں 96 ہزار 875 ڈالر کی ریکارڈ قیمت حاصل کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گیم کی نیلامی ہیریٹیج آکشنز کی جانب سے 20 اور 21 نومبر کو منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کی گئی۔ یہ گیم نینٹینڈو انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ابتدائی پروڈکشن دور کی ایک نایاب پیشکش تھی جس کی پیکنگ پر ایک خصوصی میٹ اسٹیکر چسپاں تھا۔

ماہرین کی جانب سے اس گیم کو معیار کی بنیاد پر 10 میں سے 9.0 کی شاندار ریٹنگ دی گئی تھی جو اس کی اہمیت بڑھاتی ہے۔

نیلامی کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فروخت سپر ماریو برادرز کی ابتدائی پروڈکشن کی کسی بھی کاپی کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ اس گیم کو کمپلیٹ ان باکس قرار دیا گیا جس کا مطلب ہے کہ تمام متعلقہ اشیاء اور دستاویزات اصل حالت میں موجود ہیں۔

اس تقریب میں سپر ماریو برادرز کی ایک دوسری نایاب کاپی بھی نیلامی کے لیے پیش کی گئی تھی۔ یہ گیم مکمل طور پر سیل بند حالت میں تھی اور اسے 8.5 کی ریٹنگ ملی تھی۔ اس گیم کی بولی ایک لاکھ 31 ہزار 250 ڈالر تک پہنچ گئی جو توقعات سے کہیں زیادہ رہی۔

مذکورہ نیلامی اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ دنیا بھر میں کلاسک ویڈیو گیمز کے شوقین افراد ان قدیم اشیاء کے لیے بڑی رقوم خرچ کرنے کو تیار ہیں۔ پرانے گیمنگ آئٹمز کی مارکیٹ ویلیو میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور کلکٹرز ایسی نایاب اشیاء حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نینٹینڈو کے ابتدائی گیمز کی مانگ میں مستقبل میں مزید اضافہ ہوگا۔ 40 سال پرانے ان ویڈیو گیمز کو اب محض تفریح نہیں بلکہ قیمتی اثاثوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کی بدولت نیلامی کے دوران ایسی نایاب اشیاء کی قیمتیں مسلسل نئے ریکارڈز قائم کر رہی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت