ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے امریکی جنگی جہاز ابراہم لنکن پر میزائل حملے کی تصدیق کردی

قومی خبریں
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے امریکی جنگی جہاز ابراہم لنکن پر میزائل حملے کی تصدیق کردی

تہران: ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے انکشاف کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ جنگ کے پہلے روز ان کی افواج نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا تھا جس سے اسے نقصان پہنچا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایرانی بحری افواج نے دشمن کی موجودگی کے مرکزی مقام کی درست نشاندہی کی اور اپنا پہلا غیر آزمودہ میزائل امریکی بحری جہاز کی جانب داغا جو اپنے ہدف پر لگا۔ حملے کے بعد دشمن نے زخمی اہلکاروں اور لاشوں کی منتقلی کے لیے مدد طلب کی۔

ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے مزید کہا کہ دشمن نے ابتدائی حملے کے بعد طبی امداد اور مرمت کے لیے پڑوسی ممالک کی بندرگاہوں کا رخ کیا۔ اس واقعے کے بعد سے ایرانی بحری افواج نے اپنے آپریشنل نظام کو انتہائی جدید اور مزید بہتر بنا لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دشمن کی ہر نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ایرانی افواج نے دشمن کو نہ صرف ملکی سمندری حدود بلکہ بحیرہ عمان کے قریب آنے سے بھی مکمل روک رکھا ہے۔

کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ آج دشمن اپنی تمام تر صلاحیتوں کے باوجود آبنائے ہرمز سے کوئی بھی جہاز گزارنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکم موجود ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہے اور اس پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ کو ملکی سائنس دانوں اور انجینئرز کے تیار کردہ جدید ترین آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ کئی ایسے خفیہ دفاعی نظام آپریشنل علاقوں میں تعینات کیے جا چکے ہیں جنہیں تاحال عوامی سطح پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں ظاہر نہیں کیا گیا۔

شہرام ایرانی نے اعلان کیا کہ ان کے کمانڈوز نے دشمن کے قبضے میں لیے گئے تیل کے 2 ٹینکرز بھی واپس حاصل کر لیے ہیں۔ اس آپریشن کے دوران جہازوں پر موجود سیکیورٹی ٹیم کو گرفتار کر لیا گیا کیونکہ وہ اس وقت سو رہے تھے جس سے کمانڈوز کو کامیابی ملی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت