کراچی میں جے یو آئی کارکنان سڑکوں پرآگئے: ٹریفک نظام درہم برہم، شہر کےداخلی و خارجی راستے بند
کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر دھرنے دینے کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا، جبکہ مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے کارکنوں نے کراچی کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر دھرنے دے کر احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ اور گھگھر پھاٹک سمیت مختلف مقامات پر احتجاج کرتے ہوئے مرکزی سڑکیں بند کردیں۔ سپر ہائی وے پرحیدرآباد کراچی رابطہ منقطع ہوگیاہے۔
احتجاج کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سڑکوں کی بندش کے باعث دفاتر جانے والے ملازمین، مسافروں اور عام شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب گھگھر پھاٹک پر بھی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور دھرنا دے کر احتجاج شروع کردیا۔
واضح رہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں، ہائی ویز اور موٹرویز بند کرکے تاحکمِ ثانی احتجاج جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں نے احتجاجی دھرنے شروع کردیے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت