جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

قانون کے عمل داروں نے جانبدار لینز پہن لیا ہے،محسن کیانی

قومی خبریں
قانون کے عمل داروں نے جانبدار لینز پہن لیا ہے،محسن کیانی

اسلام آباد:جسٹس( ر)محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں 2 بڑی عدالتوں کے درمیان تنازع پیدا ہو چکا ہے جس نے دیگر تمام معاملات کو پسِ پشت ڈال دیا۔

آئین کی موجودہ صورتحال اور اس کے استعمال کے انداز نے ثابت کر دیا ہے کہ پورا نظامی ڈھانچہ کولیپس کرچکا، پیکا قانون کے تحت صحافی، اراکین اسمبلی اور وکلاءمتاثر ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز (آئی آر ایس) کے زیرِ اہتمام ’پرسنل سیفٹی اینڈ جسٹس ان ڈیجیٹل ورلڈ‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت آئین کی جو صورتحال ہے وہ سب کو معلوم ہے کہ تباہ ہو چکی، سچ سب کو معلوم ہے بس زبان کو تالے لگے ہیں۔

سابق جج کا کہنا ہے کہ قانون اس لیے بنایا جاتا ہے کہ جرم ہونے سے پہلے تحفظ ملے، لیکن 26ویں اور 27ویں ترمیم میں2 اعلیٰ عدالتوں کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

ان کے مطابق 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں 2 بڑی عدالتوں میں تنازع پیدا ہونے سے ایک طرف عدالتی فیصلوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب اس تنازع سے عوام پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں 2 سپیریئر کورٹس کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع نے تمام دیگر معاملات کو پسِ پشت ڈال دیا ہے، ہم عدالتی فیصلوں کے ایک مجموعے کو نظر انداز کررہے ہیں اور نئی قانونی نظیریات تشکیل دے رہے ہیں، جس پر لوگ پریشان اور حیران ہیں۔

اس وقت آئین کی جو صورتحال ہے اور جس طرح آئین استعمال کیا جا رہا ہے، اس نے ثابت کردیا کہ پورا نظامی ڈھانچہ کولیپس کرچکا، حقیقت سب کو پتہ ہے لیکن ہم سب صرف دیکھ رہے ہیں بولتے نہیں، گویا ہم گونگے اور بہرے ہوگئے ہیں۔

جسٹس (ر) محسن اختر کیانی کہتے ہیں کہ اعلیٰ عدالتوں کے درمیان تنازع کو پارلیمان حل کرسکتی ہے، قانون کی عملداری کرانے والوں نے ایک جانبدار لینز پہن لیا ہے۔

جبکہ جس عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے اس سے تو پوچھا ہی نہیں گیا کہ اس کا مسئلہ کیا ہے، عدلیہ کا کام قانون سازی نہیں بلکہ قانون سازی پارلیمان کا کام ہے۔

یہ الگ بحث ہے کہ کون سی پارلیمان قانون سازی کرے گی، یا تو موجودہ پارلیمان کرے گی یا پھر عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ جس کے پاس عوام کے ووٹ کے ذریعے درست نمائندگی ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ قانون سازی کا تعلق آئین اور پارلیمان سے ہے، آئین کی تشریح عدالت کے ذریعے کی جاتی ہے۔

اصل بات یہ دیکھنا ہے کہ قانون سازی کے پیچھے چھپی ہوئی نیت کیا ہے، جو شاید بہت بعد میں نظر آتی ہے، متعلقہ جرائم کو پیکا کے تحت دیکھا جاتا ہے۔

ہراسانی کی بہت سی اصطلاحات ایسی ہیں جن کا مفہوم واضح نہیں، بہت سے لوگوں کو اسٹاکنگ اور اسپوفنگ کا مطلب تک معلوم نہیں۔

اس قانون کا خمیازہ صحافی بھگت رہے ہیں، پارلیمنٹیرینز سہہ رہے ہیں اور وکلاءشکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرم کو ثابت کرنا ایک مختلف بات ہے مگر اس قانون کے تحت صحافی، اراکین اسمبلی اور وکلاءمتاثر ہو رہے ہیں اور ایک ایجنسی بنا کر انہی افسران کو نیا یونیفارم پہنا دیا جاتا ہے۔

ایک ایکٹ کے ذریعے اتھارٹی بنا کر پہلے سے موجود افسران کو نئی وردی پہنا دی جاتی ہے، اس قسم کے قوانین کا اثر ان وکلاءکو نظر آتا ہے جنہوں نے محض ٹویٹ کی اور سزا بھگتی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت