جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 149 سال بعد نیا ریکارڈ قائم کردیا

قومی خبریں
ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 149 سال بعد نیا ریکارڈ قائم کردیا

جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور یادگار کارنامہ انجام دیتے ہوئے 149 سالہ کھیل میں اپنا نام منفرد ریکارڈ بنانے والے پانچویں کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ وہ ایک ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے اور 7 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پانچویں کرکٹر بن گئے ہیں۔

ویان ملڈر نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پہلے بلے سے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 178 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز کھیلی، بعد ازاں گیند کے ساتھ بھی حریف ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کردیں۔ انہوں نے دوسری اننگز میں محض 31 رنز دے کر بنگلہ دیش کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جس کی بدولت جنوبی افریقا نے اننگز اور 219 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلے گئے مقابلے میں جنوبی افریقا نے ابتدا ہی سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ مہمان ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں صرف 91 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد اپنی پہلی باری 7 وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز بنا کر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس طرح جنوبی افریقا کو پہلی اننگز میں 403 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی، جسے ختم کرنے میں بنگلہ دیشی بلے باز ناکام رہے اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بڑی برتری کے دباؤ میں دوسری اننگز شروع کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے ابتدائی بلے بازوں نے کچھ دیر تک مزاحمت کی۔ مہفیج الاسلام اور تنزید حسن نے پہلی وکٹ کے لیے نصف سنچری کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا، تاہم ویان ملڈر نے تنزید حسن کو 29 رنز پر آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے اگلی ہی وکٹ حاصل کرتے ہوئے مومن الحق کو بھی کھاتہ کھولنے کا موقع دیے بغیر میدان بدر کردیا۔

دوسری جانب مارکو یانسن نے مہفیج الاسلام کی مزاحمت ختم کی، جو 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس وکٹ کے بعد بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن پر دباؤ مزید بڑھ گیا، تاہم لنچ کے بعد توحید ہردوئے نے جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے کچھ دیر کے لیے مقابلے کا نقشہ بدلنے کی کوشش کی۔ انہوں نے اینرک نورکیا اور کاگیسو ربادا کی گیندوں پر کئی چوکے لگائے، لیکن 33 گیندوں پر 41 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

دوسرے روز گروئن انجری کے باعث میدان سے باہر جانے والے لٹن داس دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے، لیکن وہ زیادہ دیر تک کریز پر موجود نہ رہ سکے اور ملڈر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقی آل راؤنڈر نے اس کے بعد جیکر علی اور شریف الاسلام کو بھی یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ دکھائی۔ ان دونوں وکٹوں کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

ملڈر کی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ یہیں نہیں رکا اور انہوں نے بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسین شانتو کو بھی نشانہ بنایا، جو 34 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ اس موقع پر تسکین احمد نے لگاتار 2 چوکے لگا کر مزاحمت کی کوشش کی، لیکن ملڈر نے انہیں بولڈ کرکے اپنی ساتویں وکٹ مکمل کرلی۔ یوں انہوں نے محض 31 رنز کے عوض بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

اس تاریخی کارکردگی کے ساتھ ویان ملڈر جنوبی افریقا کی جانب سے ایک ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے اور 7 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ عالمی ٹیسٹ کرکٹ میں ان سے قبل صرف 4 کھلاڑی یہ اعزاز حاصل کرچکے تھے۔ انگلینڈ کے سابق عظیم آل راؤنڈر سر این بوتھم نے 1980 میں بھارت کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے کے ساتھ 7 وکٹیں حاصل کرکے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ملڈر اس سے قبل بھی اپنی غیر معمولی بیٹنگ صلاحیتوں سے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کرچکے ہیں۔ انہوں نے جولائی 2025 میں زمبابوے کے خلاف بلاوایو ٹیسٹ میں ناقابل شکست 367 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اب ایک ہی ٹیسٹ میں سنچری اور 7 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ان کے کیریئر میں ایک اور غیر معمولی اعزاز کا اضافہ ہوگیا ہے۔

میچ کے اختتام پر بنگلہ دیش کی آخری وکٹ مارکو یانسن نے حاصل کی، جبکہ ان کی گیند پر کیچ ویان ملڈر نے پکڑا۔ اس طرح بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 184 رنز پر سمٹ گئی اور جنوبی افریقا نے اننگز اور 219 رنز سے فیصلہ کن فتح حاصل کرلی۔

سیریز میں کلین سوئپ کے نتیجے میں جنوبی افریقا نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے، جبکہ بنگلہ دیش کو اس شکست کے بعد درجہ بندی میں ایک درجے نیچے جانا پڑا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت