جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان میں 85 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ بچے نایاب امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں، طبی ماہرین

قومی خبریں

کراچی: پاکستان میں 85 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ بچے نایاب امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں، جبکہ قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کی بلند شرح، جینیاتی مشاورت اور آگاہی کا فقدان، تشخیص کی ناکافی سہولیات، ادویات کی عدم دستیابی اور مہنگے علاج کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار معروف طبی ماہرین نے جمعرات کو سوسائٹی فار ناول اینڈ ریئر ڈیزیز (اسنیئر) کے زیر اہتمام جمعہ سے کراچی میں شروع ہونے والی نایاب اور جینیاتی امراض کی کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ میں کیا۔

طبی ماہرین نے نایاب امراض کے مریضوں کی قومی رجسٹری قائم کرنے، جینیاتی ٹیسٹ کی سہولیات بڑھانے اور مریضوں کو مفت یا سستی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

میڈیا بریفنگ سے اسنیئر کے صدر پروفیسر جاوید اکرم، کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر جمال رضا، اسنیئر کی نائب صدر پروفیسر ہما ارشد چیمہ اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری ڈاکٹر خالد شفیع نے خطاب کیا۔

معروف طبی ماہر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نایاب امراض اتنے نایاب نہیں جتنے سمجھے جاتے ہیں، درحقیقت ان امراض کی تشخیص شاذ و نادر ہی ہو پاتی ہے۔ ملک میں کئی بچے موروثی امراض کے باعث انتقال کر جاتے ہیں لیکن ان کے والدین کو موت کی اصل وجہ بھی معلوم نہیں ہو پاتی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 40 کروڑ افراد نایاب امراض سے متاثر ہیں، جبکہ پاکستان میں قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کی بلند شرح کے باعث بچوں میں جینیاتی اور موروثی امراض لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

پروفیسر جاوید اکرم نے کراچی میں نایاب امراض کی تشخیص اور علاج کے لیے خصوصی مرکز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی تعمیر اور فنڈنگ کی ذمہ داری ان کی تنظیم اٹھائے گی، جہاں مریضوں کو تشخیص اور علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر جینیاتی ٹیسٹ کے لیے مریضوں کے نمونے بیرون ملک بھی مفت بھجوائے جائیں گے، جبکہ دستیاب ادویات مفت فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان میں دستیاب نہ ہونے والی ادویات بیرون ملک سے منگوانے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے بلوچستان کے ’سولر کڈز‘ پر ہونے والی تحقیق کو پاکستان کے لیے اہم سائنسی کامیابی قرار دیتے ہوئے دیہی علاقوں میں موروثی امراض کے مفت علاج کے لیے فلاحی پروگرام شروع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر جمال رضا کا کہنا تھا کہ نایاب امراض کی عالمی شرح کو پاکستان کی آبادی پر لاگو کیا جائے تو ملک میں 85 لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ بچے ان امراض سے متاثر ہوسکتے ہیں، تاہم قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کی بلند شرح کے باعث متاثرہ بچوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 60 سے 70 فیصد شادیاں قریبی رشتہ داروں میں ہوتی ہیں، جبکہ بعض علاقوں اور برادریوں میں یہ شرح اس سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً 70 فیصد نایاب امراض جینیاتی نوعیت کے ہیں۔

پروفیسر جمال رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نایاب امراض کے مریضوں کی درست تعداد معلوم نہیں کیونکہ اس حوالے سے مستند اعداد و شمار دستیاب نہیں، جس کے لیے قومی سطح پر مریضوں کی رجسٹری قائم کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ تین ماہ میں پاکستان میں جینیاتی ٹیسٹ کی سہولت شروع کرنے جا رہے ہیں، جہاں مریضوں کو مفت یا انتہائی کم قیمت پر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس وقت کئی جینیاتی ٹیسٹ کے لیے مریضوں کے نمونے ترکیہ اور جرمنی سمیت دیگر ممالک بھجوانے پڑتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نایاب امراض کی ادویات اور علاج انتہائی مہنگے ہیں، حکومت کو ان ادویات کی درآمد آسان بنانے کے ساتھ مقامی سطح پر ان کی تیاری کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔

معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر ہما ارشد چیمہ کا کہنا تھا کہ نایاب اور موروثی امراض کی بروقت تشخیص سے کئی بچوں کو علاج کی دستیاب سہولیات فراہم کرکے ان کی زندگیاں بہتر بنائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم پی ایس نامی موروثی مرض میں مبتلا دو بہن بھائیوں کا پاکستان میں کامیاب بون میرو ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے اور دونوں صحت یاب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض خاندانوں میں ایک سے زائد بچے ایک ہی لاعلاج موروثی مرض کا شکار ہو جاتے ہیں، ایسے خاندانوں کے لیے آئندہ حمل سے قبل جینیاتی مشاورت اور دوران حمل جینیاتی جانچ انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حمل کے 12 ہفتے مکمل ہونے پر جینیاتی ٹیسٹ کے ذریعے بچے میں بعض موروثی امراض کی تشخیص ممکن ہے، جبکہ پاکستان میں موروثی امراض کی تشخیص کے لیے ’مائی ڈریمز‘ کے نام سے غیر منافع بخش لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔

سینئر ماہر امراض اطفال ڈاکٹر خالد شفیع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نمونیا اور اسہال جیسی قابل تدارک بیماریوں کی بلند شرح کے باعث ڈاکٹروں کی توجہ نایاب امراض کی جانب کم رہتی ہے، جبکہ غلط تشخیص اور غیر ضروری اینٹی بائیوٹکس کا استعمال مریضوں کے لیے مزید نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے، بچوں کی ویکسینیشن، ماں کے دودھ کے فروغ اور خاندانی منصوبہ بندی کے ساتھ ڈاکٹروں کو نایاب امراض کی تشخیص کی تربیت دینے پر بھی زور دیا۔

ڈاکٹر خالد شفیع کا کہنا تھا کہ متعدی بیماریوں پر قابو پانے کے باوجود نایاب اور جینیاتی امراض موجود رہیں گے، اس لیے ان امراض کو بھی صحت عامہ کی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔

میڈیا بریفنگ سے ڈاکٹر جائدہ منظور اور ڈاکٹر آفتاب محسن نے بھی خطاب کیا، جبکہ ڈاکٹر وسیم جمالوی اور دیگر طبی ماہرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت