کراچی ایڈمن سوسائٹی:عمارت کے ملبے تلے دبے 17 افراد کی تلاش کا جاری

کراچی: بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد لاپتا ہونے والے 17 افراد کی فہرست سامنے آگئی ہے۔
متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ کو لاپتا افراد کے نام فراہم کیے ہیں جن کی عمریں 13 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کیلئے مسلسل آپریشن کر رہی ہیں۔ اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ ان کے پیارے تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ حادثے میں اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں حادثے کے وقت 30 سے 40 مزدور کام کر رہے تھے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ کارروائی کو مزید تیز کرنے کیلئے قریبی پلاٹ کی دیوار گرا کر بھاری مشینری کو جائے وقوع تک پہنچایا گیا ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام کے مطابق مذکورہ عمارت کی منظوری صرف گراؤنڈ پلس ایک منزل کیلئے دی گئی تھی، تاہم وہاں غیر قانونی طور پر 6 منزلیں تعمیر کر لی گئی تھیں۔ اس سنگین غفلت پر ایس بی سی اے کے 8 افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے 4 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جو عمارت کی تعمیر اور دیگر انتظامی امور کے ذمہ دار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔
لاپتا افراد میں محمد وقاص، محمد علی، علی حسن، محمد جبران، وقاص نور، عادل شیر، عباس جعفری، علی شیر، نور احمد، محمد حجیب، محمد ارسلان، عرفان، مفید، اللہ دتو، عابد علی، صغیر علی اور حسیب علی شامل ہیں۔ اہل خانہ اپنے پیاروں کے منتظر ہیں اور سرچ آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت