وزیراعظم کی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات، پیٹرولیم قیمتوں پر اہم فیصلے کا امکان
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی اور عائد لیوی کے خاتمے سے متعلق اہم مذاکرات جاری ہیں، جن میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جماعت اسلامی کے وفد نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں کمی کا مطالبہ اٹھایا ہے جبکہ ملک میں گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا معاملہ بھی وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے، مذاکرات میں ان مسائل کے حل اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کم کرنے پر گفتگو ہورہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وفد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، سید فراست علی شاہ، عنایت اللہ خان اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
دوسری جانب حکومتی ٹیم میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احسن اقبال اور علی پرویز ملک کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی بھی شریک ہیں۔
مذاکرات کے اختتام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے، جس پر ملک بھر کے عوام کی نظریں مرکوز ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ان پر عائد لیوی کے معاملے پر جماعت اسلامی اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد قیمتوں میں نمایاں کمی ہوچکی ہے۔ اس وقت ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 314 روپے جبکہ تیز رفتار ڈیزل کی قیمت 348 روپے مقرر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت