جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسرائیلی حملے میں حماس کے سینئر عہدیدار خالد ابو ندا شہید، دیگر رہنماؤں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی

قومی خبریں
اسرائیلی حملے میں حماس کے سینئر عہدیدار خالد ابو ندا شہید، دیگر رہنماؤں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی

اسرائیلی حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینئر عہدیدار خالد ابو ندا شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے حماس کی قیادت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ تحریک کے سربراہ خلیل الحیا اور دیگر اہم رہنما بھی اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ حماس کے رہنماؤں سمیت 7 اکتوبر کے حملے میں ملوث تمام افراد اسرائیلی فوج کے تعاقب میں ہیں اور انہیں نشانہ بنایا جاتا رہے گا، اب غزہ میں حماس کی قیادت اور بالخصوص خلیل الحیا کی باری ہے۔

کاٹز کا یہ بیان اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں گزشتہ شب کی گئی کارروائی کے دوران حماس کے اہم عہدیدار خالد ابو ندا کی شہادت کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔ خالد ابو ندا تحریک میں معاشی اور تعلیمی امور کے ذمہ دار تھے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ فوج حماس کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ ماہ بھی اس نوعیت کی متعدد ہلاکتیں کی گئیں۔

دوسری جانب حماس نے خالد ابو ندا اور ان کی اہلیہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کو ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ تحریک نے اس واقعے کو شہری آبادی کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں میں ایک اور سنگین جرم قرار دیا۔

غزہ کی موجودہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے یسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر قبضہ کرچکی ہے، جس میں فلاڈیلفی راہداری بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق اس فوجی موجودگی کا مقصد اسلحے کی اسمگلنگ اور حماس کو دوبارہ مسلح ہونے سے روکنے کے ساتھ اسرائیلی آبادیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے غزہ کے باقی 30 فیصد حصے پر حماس کے کنٹرول کو محض ایک خوش فہمی قرار دیا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے حماس کے خلاف آئندہ کارروائیوں کے لیے 2 ممکنہ راستوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق پہلا راستہ یہ ہے کہ حماس رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ کو غیر مسلح کرنے پر آمادہ ہوجائے۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ اسرائیلی فوج آپریشن ’’گیڈون وہیکلز 2‘‘ کو آگے بڑھاتے ہوئے طاقت کے ذریعے حماس کو ختم کرنے کی کوشش کرے۔

کاٹز نے بتایا کہ فوجی کارروائی کے دوسرے منصوبے میں غزہ کی پٹی سے تقریباً 10 لاکھ فلسطینیوں کو دوبارہ جنوبی علاقوں کی جانب منتقل کرنا اور مختلف علاقوں کو خالی کرانا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں رفح اور بیت حنون میں پہلے سے اختیار کیے گئے طریقۂ کار کو دہرایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ سے رضاکارانہ طور پر نکلنے کے خواہش مند فلسطینیوں کو ضروری سہولتیں فراہم کرے گا تاکہ وہ منظم انداز میں علاقے سے ہجرت کرسکیں۔ ان کے بقول اس مقصد کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی تیار ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت