سرد موسم میں کمبل اوڑھنے کے باوجود پاؤں ٹھنڈے رہنا کن بیماریوں کی علامت ہوسکتا ہے؟

سرد موسم میں پاؤں کا ٹھنڈا رہنا، انگلیوں کا دیر سے گرم ہونا اور رات کے وقت پنڈلیوں یا ٹانگوں کے پٹھوں میں اچانک کھنچاؤ پیدا ہونا بظاہر معمول کی کیفیت محسوس ہوتی ہے، تاہم بعض صورتوں میں یہ علامات خون کی روانی میں رکاوٹ اور شریانوں کے تنگ ہونے کا پیش خیمہ بھی ہوسکتی ہیں۔ طبی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگر پاؤں مسلسل ٹھنڈے رہیں اور ٹانگوں میں بار بار درد یا کھنچاؤ محسوس ہو تو اسے محض موسم کی شدت قرار دے کر نظرانداز کرنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
عام طور پر سردی سے بچنے کے لیے لوگ گرم موزوں اور کمبل کا استعمال کرتے ہیں، لیکن بعض اوقات جسم کے نچلے حصوں تک خون کی مناسب مقدار نہ پہنچنے کی وجہ سے بھی پاؤں ٹھنڈے رہتے ہیں۔ اس کیفیت کو طبی اصطلاح میں پیریفرل آرٹری ڈیزیز کہا جاتا ہے، جس میں شریانوں کے اندر چربی اور دیگر مادے جمع ہونے سے خون کی گزرگاہ تنگ ہوجاتی ہے اور ٹانگوں تک خون کی فراہمی متاثر ہونے لگتی ہے۔
یہ بیماری صرف ٹانگوں اور پاؤں کے مسائل تک محدود نہیں بلکہ دل اور دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں میں بھی اسی نوعیت کی بیماری موجود ہونے کا اشارہ ہوسکتی ہے۔ اس لیے مسلسل ٹھنڈے پاؤں اور ٹانگوں میں درد جیسی علامات کو معمولی سمجھنے کے بجائے ان کی اصل وجہ جاننا ضروری ہے۔
سرد موسم میں پاؤں کی ٹھنڈک کی وجہ کیا ہے؟
انسانی جسم سرد موسم میں اپنی اندرونی حرارت برقرار رکھنے کے لیے قدرتی طور پر خون کی نالیوں کو سکیڑ دیتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں جلد کے قریب خون کی روانی کم ہوجاتی ہے اور جسم اپنی حرارت کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ طبی زبان میں اس قدرتی عمل کو ویزوکنسٹرکشن کہا جاتا ہے۔
اعصابی امراض کے ماہرین کے مطابق صحت مند افراد میں سردی کے دوران خون کی نالیوں کا سکڑنا ایک معمول کا جسمانی ردعمل ہے، تاہم جن لوگوں کی شریانیں پہلے ہی تنگ ہوچکی ہوں، ان کے لیے سرد موسم مشکلات بڑھا سکتا ہے۔ ایسے افراد کے پاؤں اور ٹانگوں تک خون کی فراہمی مزید متاثر ہونے سے ٹھنڈک، درد اور کھنچاؤ کی شکایات بڑھ سکتی ہیں۔
شریانوں میں چربی اور دیگر مادوں کے جمع ہونے کے عمل کو ایتھروسکلروسس کہا جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ تہہ موٹی ہوتی جاتی ہے، جس سے خون کے گزرنے کی جگہ مزید محدود ہوجاتی ہے۔ اس کیفیت کے نتیجے میں نہ صرف ٹانگوں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ دل کے دورے اور فالج جیسے سنگین امراض کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
چلنے کے دوران ٹانگوں میں درد کو نظرانداز نہ کریں
پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی ایک اہم علامت یہ ہے کہ متاثرہ شخص کو چلنے، سیڑھیاں چڑھنے یا جسمانی سرگرمی کے دوران پنڈلیوں اور ٹانگوں میں درد یا کھنچاؤ محسوس ہونے لگتا ہے، لیکن کچھ دیر رک کر آرام کرنے سے یہ تکلیف کم ہوجاتی ہے۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہوتی ہے کہ جسمانی سرگرمی کے دوران پٹھوں کو زیادہ آکسیجن اور خون کی ضرورت پڑتی ہے، مگر تنگ شریانوں کے باعث انہیں مطلوبہ مقدار میں خون نہیں مل پاتا۔ اس کیفیت کو طبی اصطلاح میں انٹرمیٹنٹ کلاڈیکیشن کہا جاتا ہے۔
اس بیماری کی دیگر علامات میں ایک پاؤں کا دوسرے کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈا رہنا، جلد کی رنگت سفید یا نیلی پڑجانا، ٹانگوں میں سنسناہٹ، سوئیاں چبھنے جیسا احساس اور کمزوری شامل ہیں۔ بعض مریضوں کو آرام کی حالت میں بھی پاؤں میں درد محسوس ہوتا ہے، جبکہ انگلیوں یا پاؤں پر بننے والے زخم معمول کے مقابلے میں زیادہ دیر سے ٹھیک ہوتے ہیں۔
امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق پیریفرل آرٹری ڈیزیز میں جسمانی سرگرمی کے دوران ٹانگوں میں درد، کھنچاؤ اور تکلیف پیدا ہوسکتی ہے۔ تاہم اس بیماری کا ایک تشویش ناک پہلو یہ بھی ہے کہ بعض افراد میں کوئی واضح علامت ظاہر نہیں ہوتی اور بیماری خاموشی سے بڑھتی رہتی ہے۔
کون سے افراد اس بیماری کے زیادہ خطرے سے دوچار ہیں؟
طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس، بلند فشار خون اور کولیسٹرول کی زیادتی کے شکار افراد میں شریانوں کی بیماری پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ سگریٹ نوشی کرنے والوں اور ایسے افراد کو بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے جن کے خاندان میں دل یا خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں کی تاریخ موجود ہو۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے یہ مسئلہ خاص طور پر تشویش کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ ان میں خون کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ پاؤں کے زخم دیر سے بھرنے کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔ بعض اوقات اعصاب متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں زخم یا چوٹ کا احساس بھی نہیں ہوتا، جس سے پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
اسی لیے ذیابیطس کے مریضوں کو روزانہ اپنے پاؤں کا معائنہ کرنا چاہیے اور کسی زخم، سوجن، رنگت کی تبدیلی یا غیر معمولی ٹھنڈک کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
شریانوں میں خون کی روانی متاثر ہونے کا پتا کیسے چلتا ہے؟
اگر کسی شخص کے پاؤں مسلسل ٹھنڈے رہتے ہوں، چلنے کے دوران ٹانگوں میں درد ہوتا ہو یا بار بار پٹھوں میں کھنچاؤ محسوس ہوتا ہو تو اسے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
معائنے کے دوران ڈاکٹر سب سے پہلے مریض کی طبی تاریخ اور علامات کا جائزہ لیتے ہیں، جس کے بعد پاؤں اور ٹانگوں کی حالت اور نبض چیک کی جاتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر مختلف طبی ٹیسٹوں کے ذریعے شریانوں میں خون کی روانی اور ان کی اندرونی کیفیت معلوم کی جاتی ہے۔
بعض مریضوں میں بیماری کی شدت اور شریانوں کی حالت جاننے کے لیے انجیوگرافی سمیت مزید تشخیصی طریقے بھی اختیار کیے جاسکتے ہیں، تاکہ علاج کا درست طریقہ طے کیا جاسکے۔
سردیوں میں ٹانگوں اور پاؤں کو صحت مند کیسے رکھا جائے؟
سرد موسم میں پاؤں کو گرم رکھنا ضروری ہے، لیکن اگر ٹھنڈک کی وجہ شریانوں کا تنگ ہونا ہو تو صرف موٹے موزے پہننے سے مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ اس کے لیے روزمرہ معمولات میں ایسی تبدیلیاں لانا ضروری ہے جو خون کی روانی اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیں۔
باقاعدگی سے چہل قدمی اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق جسمانی ورزش کرنے سے ٹانگوں کے پٹھوں کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ سگریٹ نوشی سے مکمل اجتناب بھی ضروری ہے، کیونکہ تمباکو خون کی نالیوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور شریانوں کی بیماری کے امکانات میں اضافہ کرتا ہے۔
ماہرین بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے پر بھی زور دیتے ہیں۔ سردیوں میں مناسب اور آرام دہ جوتوں کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ پاؤں سردی اور چوٹ سے محفوظ رہیں۔ اس کے علاوہ جلد پر کسی زخم، سوجن یا رنگت میں غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری توجہ دینی چاہیے۔
زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ بیٹھے رہنے سے بھی گریز کرنا بہتر ہے۔ وقفے وقفے سے جسمانی پوزیشن تبدیل کرنے اور ہلکی پھلکی حرکت جاری رکھنے سے پٹھوں کی فعالیت برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اسی طرح مسلسل ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے کی عادت ترک کرنا بھی مفید ہے۔
شریانیں تنگ یا بند ہوجائیں تو علاج کیسے ممکن ہے؟
پیریفرل آرٹری ڈیزیز کا علاج بیماری کی شدت، شریانوں میں رکاوٹ کی نوعیت اور مریض کی مجموعی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ ابتدائی مراحل میں ڈاکٹر خون کے لوتھڑے بننے کے امکانات کم کرنے، کولیسٹرول کی سطح گھٹانے اور بلڈ پریشر قابو میں رکھنے کے لیے مختلف ادویات تجویز کرسکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ورزش، متوازن طرزِ زندگی اور تمباکو نوشی ترک کرنا بھی علاج کا اہم حصہ ہے۔ اگر شریان میں رکاوٹ زیادہ ہو اور ادویات سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوں تو انجیوپلاسٹی کی مدد سے خون کی گزرگاہ کھولی جاسکتی ہے۔
اس طبی طریقہ کار میں ایک باریک غبارے کو متاثرہ شریان تک پہنچا کر اسے پھلایا جاتا ہے، جس سے تنگ راستہ کھلنے میں مدد ملتی ہے۔ بعض صورتوں میں شریان کو کھلا رکھنے کے لیے اسٹنٹ بھی نصب کیا جاتا ہے۔
اگر شریان میں رکاوٹ بہت زیادہ ہو تو بائی پاس سرجری کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ اس عمل میں خون کی روانی کے لیے متاثرہ حصے کے گرد ایک متبادل راستہ بنایا جاتا ہے، تاکہ خون دوبارہ مناسب انداز میں ٹانگوں اور پاؤں تک پہنچ سکے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں میں پاؤں کا ٹھنڈا ہونا لازمی طور پر کسی بیماری کی علامت نہیں، تاہم مسلسل ٹھنڈک کے ساتھ درد، سن ہونے، کمزوری یا جلد کی رنگت تبدیل ہونے جیسی علامات ظاہر ہوں تو طبی معائنہ کروانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
خصوصاً اگر اچانک ٹانگ میں شدید درد شروع ہوجائے، پاؤں یکدم ٹھنڈا یا سفید پڑجائے یا اس میں اچانک سن ہونے اور حرکت میں دشواری کی شکایت پیدا ہو تو فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔ یہ علامات شریان میں خون کی فراہمی اچانک رکنے کی نشاندہی کرسکتی ہیں، جو ایک ہنگامی طبی کیفیت ہے اور بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں متاثرہ عضو کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت