جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نیتن یاہو کو کرپشن مقدمات میں بڑا عدالتی ریلیف مل گیا

قومی خبریں
نیتن یاہو کو کرپشن مقدمات میں بڑا عدالتی ریلیف مل گیا

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو برسوں سے جاری کرپشن مقدمات میں ایک اہم عدالتی پیش رفت کے نتیجے میں بڑا ریلیف ملا ہے۔

فلسطین پر قابض ریاست کی ضلعی عدالت نے سماعت کے دوران استغاثہ کو وزیراعظم کے خلاف دائر رشوت کے سنگین الزامات پر دوبارہ غور کرنے اور انہیں واپس لینے کی سفارش کی ہے۔

جج ریوکا فریڈمین فیلڈمین نے ریمارکس میں کہا کہ مقدمہ نمبر 4000 میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ اس مقدمے میں الزام تھا کہ انہوں نے ایک ٹیلی مواصلاتی کمپنی کے مالک کو سرکاری فوائد پہنچانے کے بدلے اپنی ذات کے حق میں مثبت میڈیا کوریج حاصل کی۔ عدالت نے اب استغاثہ کو اس کیس میں رشوت کے الزامات ختم کرنے پر غور کرنے کا کہا ہے۔

عدالت نے مقدمہ نمبر 2000 پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے جس میں وزیراعظم پر ایک اخبار کے حریف اشاعتی ادارے کو محدود کرنے کا الزام تھا۔

عدالت نے کہا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ فرد جرم میں درج اقدامات واقعی مجرمانہ فعل کے زمرے میں آتے ہیں۔ جج نے قرار دیا کہ یہ الزامات قانونی طور پر کمزور ثابت ہو رہے ہیں۔

تیسرے مقدمے میں وزیراعظم پر بیرون ملک کاروباری شخصیات سے مہنگے تحائف، سگار اور شیمپین لینے کے بدلے رعایتیں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عدالت نے تجویز دی کہ اس معاملے کو کسی مناسب قانونی سمجھوتے کے ذریعے ختم کیا جائے۔ اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا نے کہا کہ وہ عدالتی سفارشات کا استغاثہ کی ٹیم کے ساتھ جائزہ لیں گی، تاہم واضح کیا کہ یہ بریت کا حتمی فیصلہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ نیتن یاہو ان مقدمات میں صدارتی معافی کے خواہاں ہیں اور انہوں نے صدر اسحاق ہرزوگ کو باضابطہ درخواست بھی دی تھی۔ صدر نے مشورہ دیا تھا کہ معافی پر غور سے قبل فریقین عدالت سے باہر کسی تصفیے کی کوشش کریں۔ ان مقدمات کی باقاعدہ سماعت مئی 2020 میں شروع ہوئی تھی اور نیتن یاہو مسلسل ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرتے رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت