ملائیشیا میں جعلی سرکاری ٹینڈر کے نام پر فراڈ، کمپنی ڈائریکٹر کو 86 لاکھ روپے کا نقصان

ملائیشیا میں جعلی سرکاری ٹینڈر کے ذریعے آن لائن فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک کمپنی ڈائریکٹر کو ایک لاکھ 28 ہزار 700 ملائیشین رنگٹ، یعنی تقریباً 86 لاکھ 42 ہزار پاکستانی روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شخص کو 23 نومبر کو ایک ووکیشنل کالج میں اسٹین لیس اسٹیل کی کینٹین کرسیاں فراہم کرنے کا ٹھیکہ دینے کی پیشکش کی گئی۔ ملزم نے خود کو کالج کا اہلکار ظاہر کیا اور متاثرہ شخص کا رابطہ ایک مبینہ سپلائر سے کرادیا۔
پولیس کے مطابق معاہدے پر رضامندی کے بعد متاثرہ شخص نے 24 اور 25 نومبر کو ٹینڈر کی ضمانتی رقم کے طور پر ہائیلوس ٹریڈنگ نامی ادارے کو تین اقساط میں رقم منتقل کردی۔
بعدازاں کالج سے تصدیق کرنے پر معلوم ہوا کہ اس نام کا کوئی شخص وہاں ملازم نہیں ہے۔ فراڈ کا انکشاف ہونے پر متاثرہ کمپنی ڈائریکٹر نے پولیس میں شکایت درج کرادی، جس کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت