جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خلیج میکسیکو کی گہرائی میں گھریلو برقی آلات کا ذخیرہ دریافت، ماہرین ششدر

قومی خبریں
خلیج میکسیکو کی گہرائی میں گھریلو برقی آلات کا ذخیرہ دریافت، ماہرین ششدر

واشنگٹن: سمندر کی گہرائیوں میں تحقیق کرنے والے ماہرین اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں خلیج میکسیکو کی تہہ میں واشنگ مشینیں، فریج اور فریزر جیسے گھریلو آلات کا ڈھیر ملا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ انکشاف نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کی ایک تحقیقی مہم کے دوران ہوا ہے۔

محققین نے سطح سمندر سے تقریباً 1.9 کلومیٹر گہرائی میں ان اشیا کو پایا ہے۔ یہ حیران کن مناظر 2017ء میں ایک بحری جہاز کے ملبے کو تلاش کرنے کے دوران ایک خودکار ریموٹلی آپریٹڈ وہیکل کے ذریعے کیمرے میں ریکارڈ کیے گئے تھے۔

حال ہی میں جاری ہونے والی ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زنگ آلود فریزر، کپڑے دھونے والی مشینیں اور دیگر الیکٹرانک سامان سمندر کی تہہ میں بکھرا پڑا ہے۔

ماہرین نے اس صورتحال کو غیر معمولی اور ماحول کے لیے تشویشناک قرار دیا ہے جو گہرائی میں غیر متوقع ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سمندر کی اس گہرائی میں موجود یہ برقی آلات اب سمندری جانداروں کے لیے ایک پناہ گاہ کا کام دے رہے ہیں۔ کچھ مقامات پر ان آلات کے اوپر کورل اور چھوٹی سمندری مخلوقات نے اپنی نوآبادیات بھی قائم کر لی ہیں جو کہ انتہائی حیرت انگیز منظر پیش کرتی ہیں۔ کچھ سمندری حیات ان پرانی مشینوں کے اندر چھپ کر اپنی بقا کو یقینی بناتی دکھائی دیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں گھریلو سامان کا سمندر کی انتہائی گہرائی تک پہنچنا ایک غیر حقیقی منظر ہے جو انسانی سرگرمیوں کے سمندری حیات پر گہرے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔

اس دریافت نے سمندری تحفظ کے ماہرین کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ انسانی فضلے اور کچرے کی نقل و حمل کیسے اتنی گہرائیوں تک پہنچ جاتی ہے۔ فی الحال ماہرین ان فوٹیجز کا مزید جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ان آلات کے سمندر کی تہہ تک پہنچنے کے اسباب کا درست تعین کیا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت