سعودی بندرگاہوں پر حوثی ملیشیا کے ڈرون اور پروجیکٹائل حملے ناکام

جازان: سعودی عرب کی اہم بندرگاہ جازان پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا گیا ایک پروجیکٹائل گرنے سے معمولی نقصان ہوا ہے، تاہم خوش قسمتی سے اس کارروائی میں کسی شہری کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، اتحادی فورسز معاملے کی تفتیش کر رہی ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق عرب اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز جدہ اسلامی بندرگاہ کے قریب بھی ایک مشکوک ڈرون کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا ہے، اس کارروائی کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے بھی کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، سکیورٹی فورسز مکمل چوکس ہیں۔
سعودی عرب کے مغربی علاقوں کی جانب حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل بھی ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا گیا ہے، یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی کڑی ہے جس کا مقصد سعودی تنصیبات کو نشانہ بنانا معلوم ہوتا ہے۔
سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے صوبائی علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر عوام کو الرٹ جاری کیا تھا، تاہم کچھ دیر بعد ہی صورتحال کے معمول پر آنے اور خطرہ ٹل جانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک روز قبل ہی ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا، اس حملے میں دو مقامی شہریوں سمیت 11 غیر ملکی باشندے زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب حوثی گروپ مسلسل سعودی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
سعودی اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ مملکت کی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کررہے ہیں۔ حوثیوں کی جانب سے کی جانے والی یہ اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہیں۔
دوسری جانب عالمی برادری حوثیوں کی جانب سے شہری آبادیوں اور اقتصادی مراکز پر حملوں کی مذمت کرتی رہی ہے، سعودی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مملکت کے دفاع اور اپنے عوام کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت