1971ء میں بھارت کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا تھا، بنگلادیشی اسپیکر کا انکشاف

اسلام آباد: بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت کا اصل مقصد بنگالیوں کی مدد کرنا نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ بنگلادیشی عوام ہمیشہ جمہوریت پسند رہے ہیں مگر انہیں اپنے حقوق سے محروم رکھا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حافظ الدین احمد نے مزید کہا کہ گزشتہ 15 برس کے دوران بنگلادیش عملاً بھارت کی کالونی بن چکا تھا، جس کی وجہ سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنگلادیشی عوام کسی بھی قسم کی آمریت کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال ایک ایسے ملک میں پناہ گزین ہیں جو اسلام دشمنی کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان کی واپسی کا امکان اگلے 10 برس تک نہیں ہے کیونکہ وطن واپسی پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے شیخ حسینہ کو واپس نہ کیا تو بنگلادیش بین الاقوامی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائے گا۔ حسینہ واجد کے واپسی کے بیانات کا مقصد صرف اپنے مایوس کارکنوں کو متحرک رکھنا ہے، جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عوامی لیگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعت دہشت گردی میں ملوث رہی ہے اور موجودہ حکومت اس پر باقاعدہ پابندی لگانے کے لیے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش میں اب حقیقی جمہوریت کی بحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تنازع کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے مابین دوستانہ تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے جو مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔
انہوں نے بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی نظام اور جمہوری اقدار کی ہم آہنگی باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت