جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا کا14بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے درآمدی محصولات عائدکرنےکا اعلان

قومی خبریں
امریکا کا14بڑے تجارتی شراکت داروں پر نئے درآمدی محصولات عائدکرنےکا اعلان

امریکا نے اپنے 14 بڑے تجارتی شراکت داروں سے درآمدات پر نئے محصولات عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف صنعتی شعبوں میں ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت اور پیداوار سے متعلق تحقیقات کے بعد یہ محصولات عائد کیے جا رہے ہیں۔

تحقیقات کے دائرے میں چین، یورپی یونین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ویت نام، تائیوان، بنگلادیش، جاپان اور بھارت شامل ہیں۔

مختلف ممالک اور مصنوعات پر الگ الگ شرح سے محصولات عائد ہوں گے۔ چین پر سب سے زیادہ 40 فیصد تک، ویت نام پر 35 فیصد تک جبکہ دیگر ممالک پر 20 سے 25 فیصد تک محصولات لاگو ہوں گے۔

تاہم بعض ممالک کے لیے ان محصولات کی مؤثر شرح کم ہوسکتی ہے کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کئی ممالک کے ساتھ محصولات کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کے معاہدے کرچکے ہیں۔

اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے وسیع البنیاد تجارتی محصولات کو مسترد کرچکی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت