معروف سیکیورٹی کمپنی ون پاسورڈ کو سائبر حملے کا سامنا، صارفین کا ڈیٹا چوری

اوٹاوا: معروف کینیڈین سیکیورٹی کمپنی ون پاسورڈ کو سنگین سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں کمپنی کے صارفین کا حساس ڈیٹا چوری ہو گیا ہے۔
کمپنی انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کا عمل تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ہیکرز نے کمپنی کے ایک ملازم کے گٹ ہب اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرکے سیکیورٹی حصار کو توڑا ہے۔ اس رسائی کے بعد حملہ آوروں نے کمپنی کے اہم بیک اینڈ سرورز میں نقصان دہ کوڈ داخل کر دیا جس سے سیکیورٹی کا پورا نظام خطرے میں پڑ گیا۔
کمپنی حکام نے کہا کہ اس حملے کے دوران صارفین کے نام، ای میل پتے اور اکاؤنٹ سے متعلق کچھ اہم معلومات چوری کی گئی ہیں، تاہم خوش قسمتی سے صارفین کے پاس ورڈز محفوظ رکھنے والے انکرپٹڈ والٹس تک ہیکرز رسائی حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ہیکرز نے کمپنی کے نجی سورس کوڈ کی نقول بھی حاصل کر لی ہیں اور سافٹ ویئر کی تیاری و اجرا کے نظام تک رسائی پا کر وہاں موجود اسناد کو تبدیل کر دیا ہے۔ یہ سیکیورٹی خلاف ورزی 19 نومبر کو ہونے والی غیر مجاز سرگرمی کے بعد سامنے آئی ہے۔
ون پاسورڈ نے اپنے صارفین کو تنبیہ کی ہے کہ وہ مستقبل قریب میں اپنے اکاؤنٹس کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مشکوک ای میلز، پیغامات یا فون کالز سے انتہائی محتاط رہیں۔ چوری شدہ معلومات کو فشنگ اور دھوکا دہی کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا خدشہ موجود ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ وہ اپنی سیکیورٹی کو مزید سخت کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی غیر معروف رابطے پر یقین نہ کریں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت