جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسلامی جمعیت طلبہ کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری،پولیس کی ٹینٹ اور ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لینے کی کوشش

قومی خبریں
اسلامی جمعیت طلبہ کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری،پولیس کی ٹینٹ اور ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لینے کی کوشش

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ پولیس کی رکاوٹوں کے باوجود طلبہ دھرنا گاہ پہنچ کر دھرنے میں شریک ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے دھرنے کے ٹینٹ، سامان اور ساؤنڈ سسٹم اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی اور سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ دھرنے میں پنجاب بھر سے طلبہ شریک ہیں۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی اسلامی جمعیت طلبہ کا بنیادی مطالبہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان کر کے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں۔ پنجاب میں 1 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، حکومت انہیں سکولوں میں داخل کرائے۔ صوبائی حکومت عملی اقدامات کے بجائے فوٹو سیشن میں مصروف ہے۔

ابوذر غفاری نے کہا کہ پنجاب میں 13 ہزار سے زائد تعلیمی ادارے نجی شعبے کے حوالے کیے جا چکے ہیں اور مزید اداروں کو بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ طلبہ کے داخلوں کی شرح میں بھی کمی آ رہی ہے۔ طلبہ کے بنیادی تعلیمی حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لیے تعلیمی اداروں کی نجکاری کے بجائے سرکاری تعلیمی نظام کو مؤثر اور مضبوط بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ہم پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں، بلکہ ہم طلبہ کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت