جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، پرویز الٰہی

قومی خبریں
ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، پرویز الٰہی

لاہور: پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، پی ٹی آئی رہنمائوں نے ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز اور اپوزیشن کے کردار کا جائزہ لیا۔

سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے اپنے گفتگو میں کہا کہ ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، نیشنل ڈائیلاگ کےلیے تمام اسٹیک ہولڈر مل کر بیٹھیں جس پر دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا۔

دورانِ گفتگو چودھری پرویزالٰہی اور اسد قیصر کا جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ذاتی معالجین اور اہل خانہ کو ان تک فوری اور بلا تعطل رسائی دی جائے اور کوٹ لکھپت میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو علاج کی سہولیات فی الفور فراہم کی جائیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ قید کے دوران طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے اور ملک بھر کی جیلوں میں قید پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا کیا جائے۔

دوران ملاقات دونوں رہنمائوں میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی محاذ پر کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں نے آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت