بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے صوبوں اور 28ویں ترمیم پر مشاورت کا فیصلہ عمران خان کریں گے، پی ٹی آئی ارکان

قومی خبریں
نئے صوبوں اور 28ویں ترمیم پر مشاورت کا فیصلہ عمران خان کریں گے، پی ٹی آئی ارکان

اسلام آباد : تحریک انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر حکومت سے رابطہ کرنے کی تجویز سامنے آگئی، ارکان کی اکثریت نے رائے دی ہے کہ مجوزہ ترمیم کا مسودہ حاصل کرنے کے لیے حکومت سے بات چیت کی جائے اور اگر اس میں ملکی مفاد سے متعلق کوئی نکات شامل ہیں تو ان پر ضرور غور کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 4 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جس میں 28ویں آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے قیام اور بانی چیئرمین سے ملاقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کو بانی چیئرمین سے ملاقات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی جبکہ ملک میں جاری سیاسی اور آئینی معاملات پر ارکان نے اپنی آرا کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت نے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت سے رابطے کی خواہش ظاہر کی، ترمیم کا مسودہ حاصل کرنے کے لیے حکومت سے بات کی جانی چاہیے تاکہ اس میں شامل تجاویز اور نکات کا جائزہ لیا جا سکے، اگر ترامیم میں ملکی مفاد کے لیے کوئی مثبت بات موجود ہے تو اس پر غور کرنے میں کوئی حرج نہیں، کسی بھی حتمی مؤقف کا تعین مسودے کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا جانا چاہیے۔

اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، ارکان نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق کسی بھی مشاورت کے لیے بانی چیئرمین تک رسائی ضروری ہے اور اس معاملے پر ان کی رائے حاصل کی جانی چاہیے، اگر صوبوں کے معاملے پر مذاکرات کی راہیں ہموار ہوتی ہیں تو اس حوالے سے تمام پہلوؤں پر مشاورت کی جائے اور کسی بھی پیش رفت سے پہلے پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے۔

اجلاس میں یہ رائے بھی سامنے آئی کہ نئے صوبوں اور آئینی ترامیم کے معاملے پر اپوزیشن رہنماؤں سے بھی مشاورت کی جائے۔ ان کا مؤقف اور تجاویز بانی چیئرمین تک پہنچائی جائیں تاکہ تمام متعلقہ آرا سامنے آنے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے، ان معاملات پر حتمی فیصلہ وہی ہوگا جو بانی چیئرمین کریں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر ذاتی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت بھی اجلاس میں موجود نہیں تھی۔ اپوزیشن رہنما بھی لاہور میں موجود رہے، تمام ارکان کی شرکت اور زیر بحث معاملات پر مزید مشاورت کے لیے آئندہ چند روز میں پارلیمانی پارٹی کا ایک اور اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

اجلاس میں سامنے آنے والی آرا کے مطابق 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر حکومت سے رابطے اور مسودے کا جائزہ لینے کی تجویز کو ارکان کی اکثریت کی حمایت حاصل رہی، نئے صوبوں کے قیام سمیت اہم آئینی معاملات پر پارٹی کا حتمی فیصلہ بانی چیئرمین کی رائے اور ہدایات سے مشروط رکھا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت