بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آبنائے ہرمز میں نگرانی مزید سخت، جہازوں کو ایرانی فوج سے رابطہ لازمی قرار

قومی خبریں
آبنائے ہرمز میں نگرانی مزید سخت، جہازوں کو ایرانی فوج سے رابطہ لازمی قرار

ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کی جنگی تیاریوں میں ماضی کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں نگرانی اور کنٹرول کا نظام مزید سخت کردیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج، پاسداران انقلاب سمیت تمام مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے، آرمی چیف جنرل حاتمی کی ہدایت پر آبنائے ہرمز میں نگرانی اور کنٹرول کا نظام سخت کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے جہازوں کو ایرانی مسلح افواج سے لازمی رابطہ کرنا ہوگا، آبنائے ہرمز میں نئے جنگی نظام متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ پرانے دفاعی نظاموں کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز کی نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ عمل پوری قوت سے جاری رہے گا۔

بریگیڈیئر جنرل اکرمی نیا نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی دباؤ کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایران کے خلاف دشمن کی کارروائیوں کے مقاصد صرف جوہری پروگرام، علاقائی معاملات اور میزائل پروگرام تک محدود نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ثابت قدمی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں۔ امریکا ایک طاقتور ایران کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی محاذوں پر بیک وقت دباؤ ڈال رہا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف دشمن کی ہائبرڈ جنگ جاری ہے، جس میں فوجی، سیاسی اور معاشی دباؤ سمیت تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت