این سی سی آئی اے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ بنانے کی تجویز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اسے ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں سائبر جرائم کی روک تھام، تحقیقات کے نظام میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارے کی انتظامی و پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے سے متعلق مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں این سی سی آئی اے کی موجودہ کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ادارے کی تنظیم نو کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں تاکہ سائبر جرائم کی بڑھتی ہوئی نوعیت سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر اور جدید نظام تشکیل دیا جا سکے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت میرٹ کی بنیاد پر بہترین اور باصلاحیت افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قومی سلامتی کے تناظر میں سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے جبکہ موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کے مقدمات کی تحقیقات اور ان کے حل کے لیے حتیٰ المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سائبر جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت کے پیش نظر تحقیقات اور روک تھام کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے، کہ ادارے کو مؤثر، فعال اور جدید بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این سی سی آئی اے اور اس کے ذیلی دفاتر میں میرٹ کی بنیاد پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی تنظیم نو میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سائبر جرائم کی بروقت نشاندہی، مؤثر تحقیقات اور ملزمان کے خلاف کارروائی کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان کے جلد از جلد حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
اجلاس میں تنظیم نو سے متعلق سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ شامل ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق خصوصی کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی حتمی سفارشات شہباز شریف کو پیش کرے گی، جن کی روشنی میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو اور اسے پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کے حوالے سے آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت