تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ: 35پاکستانی شہریوں سمیت 70افراد لاپتا

ٹریپولی: غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کو لیبیا کے ساحل کے قریب حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار تقریباً 70 افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔ لاپتا افراد میں 35 نوجوانوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے بتایا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی کو حادثہ 21 نومبر کو پیش آیا تھا، تاہم متاثرہ خاندانوں کو اس واقعے کی اطلاع مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کے ذریعے گزشتہ روز ملی۔ حادثے کے بعد باجوڑ کے مختلف علاقوں میں تشویش اور سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی خیریت سے واپسی کے منتظر ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق تاحال سمندر سے کسی لاپتا شخص کی لاش برآمد نہیں ہوسکی۔ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں حادثے میں جاں بحق قرار دیے جانے والے چھ نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی ہے۔ تاہم تمام متاثرین کی حتمی شناخت اور ہلاکتوں کی تعداد کی سرکاری تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے واقعے کے بعد کہا ہے کہ وہ پاکستانی سفارت خانے اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان کے مطابق لاپتا نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ متعلقہ حکام، بحریہ، نیٹو اور امدادی ادارے بھی تلاش اور ریسکیو کے عمل میں تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کو وطن واپس لانے اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت