پاکستان اور روس کا 2030 تک دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

ماسکو : پاکستان اور روس نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے اقتصادی، تجارتی، توانائی، صنعتی اور سائنسی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط بھی کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس روس کے دارالحکومت ماسکو میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارتی حجم میں اضافے اور مستقبل میں تعاون کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے 2030 تک باہمی تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تجارتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اجلاس کے پروٹوکول کے علاوہ 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس پروگرام کے تحت تجارت، اقتصادی ترقی، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت، ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ دونوں ممالک نے ان شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے اور باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں گزشتہ بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یاد رہے کہ کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کے مختلف امور زیر غور آئے تھے۔ 11ویں اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد اور آئندہ کے لیے ترجیحی شعبوں کا تعین کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس نے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد، متعلقہ اداروں کے درمیان روابط برقرار رکھنے اور تجارتی تعلقات کو عملی اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں بامقصد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں منعقد ہوگا، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اس اجلاس میں موجودہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پر پیش رفت متوقع ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت