بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

این ای ڈی یونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی سیمنز پاور اکیڈمی قائم

قومی خبریں
این ای ڈی یونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی سیمنز پاور اکیڈمی قائم

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پاکستان کی پہلی یونیورسٹی پر مبنی سیمنز پاور اکیڈمی کا افتتاح کردیا۔ سیمنز پاکستان اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم ہونے والی اس اکیڈمی کا مقصد نوجوان انجینئرز کو جدید ٹیکنالوجی، عملی تربیت اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے جامعات میں حاصل ہونے والی تعلیم اور عملی صنعتی ضروریات کے درمیان فرق کم کیا جاسکتا ہے جبکہ فارغ التحصیل طلبہ کو عالمی معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیمنز پاور اکیڈمی کا قیام پاکستان میں انجینئرنگ کی تعلیم اور صنعتی تربیت کے شعبے میں اہم پیش رفت ہے۔ اس اکیڈمی کے ذریعے نوجوان انجینئرز کو دوران تعلیم ہی عملی مسائل سمجھنے، جدید نظاموں کے ساتھ کام کرنے اور صنعتی ماحول کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مادر علمی واپس آکر نوجوان انجینئرز کے مستقبل کی بہتری کے لیے قائم کیے گئے اس منصوبے کا افتتاح کرنا ان کے لیے باعث مسرت اور اعزاز ہے، انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز واپڈا میں بطور انجینئر کیا، جس کے بعد پورٹ قاسم میں بھی خدمات انجام دیں۔ ان تجربات سے انہیں اندازہ ہوا کہ انجینئرنگ صرف کلاس روم میں تعلیم حاصل کرنے یا کاغذ پر نقشے بنانے تک محدود نہیں بلکہ حقیقی مسائل کا حل تلاش کرنا، زمینی حقائق کو سمجھنا اور فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنا بھی اس شعبے کا بنیادی حصہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران ہی اس نوعیت کا عملی تجربہ حاصل ہو تاکہ وہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر انداز سے ذمہ داریاں ادا کرسکیں، پاکستان نوجوان آبادی والا ملک ہے اور 2023 کی مردم شماری کے مطابق ہر 3 میں سے تقریباً 2 افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ ملک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بھی 2014-15 میں تقریباً 13 لاکھ سے بڑھ کر 2023-24 میں لگ بھگ 20 لاکھ ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی میں اضافے کے بعد اب اصل چیلنج تعلیم کو عملی مہارت، مہارت کو روزگار اور علم کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ جامعات جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کریں اور صنعتیں بھی نوجوانوں کی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کے کسی دور دراز دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون کو بھی انجینئرنگ کی تعلیم، عملی تربیت اور کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کے اتنے ہی مواقع ملنے چاہئیں جتنے کراچی کے کسی طالب علم کو حاصل ہیں، معیاری اور قابل رسائی تعلیم، مضبوط جامعات اور صنعتوں کا تعاون ہی نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کرسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل انجینئرز کی عالمی سطح پر کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے عتیق شفعت کی مثال دی، جنہوں نے یونیورسٹی میں شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی کی تیاری میں حصہ لیا اور اسے آسٹریلیا میں ایک بین الاقوامی مقابلے میں پیش کیا، انہوں نے ہونڈا آف کینیڈا مینوفیکچرنگ میں ہونڈا سی آر وی کے اندرونی انجینئرنگ کے کام کی قیادت بھی کی۔ اسی طرح انہوں نے این ای ڈی کے فارغ التحصیل شاہد احمد چشتی کا حوالہ دیا، جنہوں نے کینیڈا کے ڈارلنگٹن نیوکلیئر پاور اسٹیشن کی بحالی سے متعلق بڑے توانائی منصوبوں کے انتظام میں کردار ادا کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ پاکستانی نوجوانوں کو درست تعلیم، تجربہ اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انجینئرنگ قومی پیداواری صلاحیت، صنعتی مسابقت اور معاشی ترقی کی بنیاد ہے کیونکہ جدید انجینئرنگ کے ذریعے صنعتیں اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتی ہیں، نئی ٹیکنالوجی اپنا سکتی ہیں، پیداواری اخراجات کم اور پیداوار میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک کو کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں ریکارڈ 41.6 ارب ڈالر موصول ہوئے، جس سے لاکھوں خاندانوں کو سہارا ملا اور زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملی، پاکستان کو ایسی معیشت کی ضرورت ہے جو ملک کے اندر باعزت اور بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرے اور ہنرمند پاکستانیوں کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے قابل بنائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ میں کام کرنے والی دیگر کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ سیمنز کی طرح جامعات کے ساتھ اشتراک کریں، طلبہ کے لیے اپنی صنعتی سہولیات کھولیں اور نوجوان انجینئرز کو عملی زندگی شروع کرنے سے پہلے حقیقی صنعتی مسائل پر کام کرنے کے مواقع فراہم کریں، پاکستان پہلا ملک ہے جہاں سیمنز پاور اکیڈمی کا یہ یونیورسٹی پر مبنی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے اور این ای ڈی یونیورسٹی اس سلسلے میں پہلا ادارہ ہے۔ امید ہے کہ یہ اقدام کامیاب ثابت ہوگا اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی جامعات اور صنعتوں کے درمیان اس نوعیت کے اشتراک کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیمنز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد دانیال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی شرکت انجینئرنگ کے شعبے اور نوجوان انجینئرز کی ترقی کے لیے حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان انجینئرنگ کے شعبے میں دیرینہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیمنز نے پاکستان کی صنعتوں کو توانائی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور نئی اکیڈمی کا قیام جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل نظام اور انجینئرز کی نئی نسل کی تربیت کے ذریعے اسی تعاون کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔

تقریب میں جرمنی کے قونصل جنرل تھامس ای شلٹزے، سیمنز پاکستان کے بورڈ چیئرمین کارل اسٹیفن ورنر، سیمنز مشرق وسطیٰ کے شعبہ برقی کاری و خودکاری کے منیجنگ ڈائریکٹر پال فیئر ویدر، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو، صنعت و تعلیم کے شعبوں سے وابستہ نمائندوں، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

سیمنز کے عالمی نیٹ ورک میں 28 ممالک میں 29 پاور اکیڈمیز کام کر رہی ہیں۔ پاکستان میں این ای ڈی یونیورسٹی کے ساتھ قائم ہونے والی یہ اکیڈمی اس عالمی نیٹ ورک کا حصہ بن گئی ہے، جس سے ملک میں انجینئرنگ کی تعلیم اور صنعتی تربیت کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت