بھارت: 2 فٹ قد کی بھینس پنکی سوشل میڈیا پر مقبول، قیمت ایک کروڑ

راجستھان: بھارت کی ریاست راجستھان میں پشکر کا مشہور مویشی میلہ 24 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں شریک ایک غیر معمولی بھینس اب بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ صرف 2 فٹ قد رکھنے والی تقریباً 3 سالہ بھینس پنکی نے اپنے منفرد حلیے کے باعث نہ صرف میلے میں آنے والے ہزاروں افراد کو حیران کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔
پنکی کو اس کے مالک اور مویشیوں کے شوقین سہیل شکیل مہاراشٹر کے شہر تھانے سے راجستھان کے شہر پشکر لائے تھے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے تقریباً 1,100 کلومیٹر کا طویل سفر طے کیا۔ پشکر میلے میں جہاں عموماً بڑے قد اور جسامت کے مویشی خریداروں اور سیاحوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں، وہیں پنکی اپنے غیر معمولی چھوٹے قد کی وجہ سے سب سے منفرد دکھائی دی۔
میلے میں بھارت کے مختلف علاقوں کے علاوہ دوسرے ممالک سے آنے والے سیاح بھی پنکی کو دیکھنے کے لیے جمع ہوتے رہے۔ بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر عمر کے افراد اس منفرد بھینس کو قریب سے دیکھنے میں دلچسپی لیتے رہے۔ بہت سے لوگوں نے پنکی کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنائیں جبکہ اس کے چھوٹے قد کو دیکھ کر حیرت اور خوشی کا اظہار بھی کیا۔
پنکی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ میلے کے دوران بنائی گئی اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔ میلے کے اختتام کے بعد بھی اس کی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں اور صارفین اس کے غیر معمولی قد اور ظاہری شکل پر تبصرے کر رہے ہیں۔
پنکی کا چھوٹا قد ہی نہیں بلکہ اس کی ممکنہ قیمت بھی لوگوں کی دلچسپی کا موضوع بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز اور دعوؤں میں اس کی قیمت 20 لاکھ سے ایک کروڑ بھارتی روپے تک بتائی جارہی ہے، اس قیمت کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پشکر کا مویشی میلہ ہر سال بڑی تعداد میں مویشیوں کے تاجروں، مالکان اور سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ اس میلے میں مختلف نسلوں کے گھوڑے، اونٹ، گائے، بھینسیں اور دیگر مویشی پیش کیے جاتے ہیں۔ اس بار بڑے اور قیمتی مویشیوں کے درمیان محض 2 فٹ قد رکھنے والی پنکی نے اپنی انفرادیت کے باعث الگ پہچان بنائی اور میلے کے اختتام کے باوجود خبروں اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت