جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مولانا عبدالغفوری حیدری سمیت جے یو آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتارکرلیاگیا

قومی خبریں
مولانا عبدالغفوری حیدری سمیت جے یو آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتارکرلیاگیا

سرگودھا: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے امیر سمیت متعدد رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سرگودھا جلسے میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر جمعیت علمائے اسلام پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جمعیت طلبہ اسلام (جے ٹی آئی) ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

صوبائی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، رہنماؤں کو فی الفور رہا نہیں کیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پنجاب پر ہوگی۔ بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ کیا ملک میں مارشل لا لگ چکا ہے، سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے، مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہیں، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ مولانا عبد الغفور حیدری رکن قومی اسمبلی ہیں،کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے لہٰذا حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت