بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کانگو میں مسلح جھڑپیں، ایبولا کے خلاف کام کرنے والی طبی ٹیم 3 دن بعد بازیاب

قومی خبریں
کانگو میں مسلح جھڑپیں، ایبولا کے خلاف کام کرنے والی طبی ٹیم 3 دن بعد بازیاب

کناشاسا: ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے صوبہ ایتوری میں جاری مسلح تصادم کے باعث عالمی ادارہ صحت کی طبی ٹیم سمیت مقامی حکام 3 روز تک ایک اسپتال میں محصور رہنے کے بعد بالآخر بحفاظت اپنے محفوظ ٹھکانوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں شدید نوعیت کی لڑائی جاری تھی جس نے طبی عملے کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹیم کو وہاں سے نکالا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے ایبولا وائرس کے تدارک کے لیے جاری طبی سرگرمیوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے علاقے میں موجود اپنے عملے اور شراکت دار اداروں کے ارکان کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

کانگو میں ایبولا کی تاریخ کی بدترین وبا کے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں۔ اب تک 11 ہزار 762 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 5 ہزار 775 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ملک کے مشرقی حصے میں کئی دہائیوں سے جاری تشدد نے بحران کو مزید بڑھایا ہے۔

ٹیڈروس نے کہا کہ اکتوبر کے آخر سے مسلح حملوں میں اضافے کے باعث طبی کارروائیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنڈی بگیو قسم کے ایبولا وائرس کے خلاف تاحال کوئی منظور شدہ ویکسین یا موثر علاج موجود نہیں ہے جو کہ صحت عامہ کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

واضح رہے کہ کانگو کے شمال مشرقی علاقوں میں جاری بدامنی نے ایبولا کے مریضوں تک رسائی کو ناممکن بنا دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر لڑائی کا سلسلہ جلد بند نہ ہوا تو وائرس پر قابو پانا مزید مشکل ہو جائے گا جس سے انسانی جانوں کا ضیاع بڑھے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت