ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں: پاکستانی خلانورد ذیشان نے خلائی سفر پر روانہ ہوکر تاریخ رقم کردی
جیوچوان: پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی مشن شینزو 24 کے تحت پاکستانی اور چینی خلا باز خلائی سفر پر روانہ ہوگئے۔ یہ مشن پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی سائنسدان خلا کے سفر پر روانہ ہوا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق مشن کی پرواز کا آغاز صبح 5 بجے چین کے خلائی مرکز سے ہوا۔ ہزاروں چینی شہریوں نے اس تاریخی لمحے کو براہ راست دیکھا، جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں۔ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔
ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا باز بھی خلائی جہاز میں سوار ہیں۔ تینوں خلا باز تقریباً پانچ گھنٹے کے سفر کے بعد خلائی اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں وہ ایک ہفتے قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شینزو 24 مشن کے دوران 90 سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کی جائیں گی۔
خلائی مشن پر روانگی سے قبل اپنے پیغام میں ذیشان علی نے کہا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس مشن کو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ذیشان علی نے بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا تھا کہ اس مشن پر صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان خلا میں جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت