منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹانگوں میں نظر آنے والی 5 غیر معمولی علامات دل کی بیماری کی نشاندہی کرسکتی ہیں

قومی خبریں

دل کی بیماریوں کی ابتدائی علامات ہمیشہ سینے میں درد یا سانس لینے میں دشواری کی صورت میں ظاہر نہیں ہوتیں بلکہ جسم کے دیگر حصوں میں ہونے والی معمولی تبدیلیاں بھی دل اور خون کی شریانوں کی خرابی کا پتا دے سکتی ہیں۔ ماہرین نے ایسی 6 غیر معمولی علامات کی نشاندہی کی ہے جنہیں نظر انداز کرنا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکی ماہر امراض قلب ڈاکٹر جیریمی لندن نے خبردار کیا ہے کہ خون کی گردش متاثر ہونے اور شریانوں میں تنگی پیدا ہونے کی صورت میں جسم کے مختلف حصوں میں ایسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں جنہیں اکثر افراد عام جسمانی مسائل سمجھ کر نظر انداز کردیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دل اور شریانوں سے متعلق بیماریاں بعض اوقات طویل عرصے تک نمایاں علامات ظاہر نہیں کرتیں، تاہم جسم میں ہونے والی بعض تبدیلیاں خون کی روانی میں رکاوٹ یا دل کی کارکردگی متاثر ہونے کا ابتدائی اشارہ ہوسکتی ہیں۔

1۔ ٹانگوں کے بال غیر معمولی طور پر جھڑنا

ٹانگوں، خصوصاً پنڈلیوں، پاؤں اور انگلیوں کے اگلے حصے سے بالوں کا تیزی سے کم ہونا محض ظاہری مسئلہ نہیں بلکہ یہ پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی ممکنہ علامت بھی ہوسکتی ہے۔

اس بیماری میں ٹانگوں کو خون پہنچانے والی شریانیں تنگ ہوجاتی ہیں، جس کے باعث وہاں خون اور آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ نتیجتاً بالوں کی جڑوں کو مطلوبہ غذائیت نہیں مل پاتی اور بال جھڑنے لگتے ہیں۔ تاہم اس علامت کی بنیاد پر بیماری کی حتمی تشخیص نہیں کی جاسکتی، اس کے لیے دیگر علامات اور طبی معائنے کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

2۔ پاؤں اور ٹخنوں میں مسلسل سوجن

پاؤں، ٹخنوں یا ٹانگوں کے نچلے حصے میں بار بار یا مسلسل سوجن پیدا ہونا بھی دل کی کمزوری کی نشاندہی کرسکتا ہے۔

دل کی پمپ کرنے کی صلاحیت متاثر ہونے پر خون کی گردش میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں جسم کے مختلف حصوں میں سیال جمع ہونے لگتا ہے۔ اس کیفیت کا اثر عموماً پاؤں اور ٹخنوں پر سوجن کی صورت میں نمایاں ہوتا ہے۔

تاہم اس مسئلے کی وجہ صرف دل کی بیماری نہیں ہوتی بلکہ گردوں کی خرابی، خون میں لوتھڑے بننے اور بعض ادویات کے استعمال سے بھی یہ کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔ اس لیے مسلسل سوجن کی صورت میں طبی معائنہ کروانا ضروری ہے۔

3۔ مناسب نیند کے باوجود تھکن اور کمزوری

اگر رات بھر آرام کرنے کے باوجود جسم میں تھکاوٹ برقرار رہے یا روزمرہ کے معمولی کام بھی غیر معمولی طور پر تھکا دینے لگیں تو اسے محض نیند کی کمی قرار دینا درست نہیں۔

دل کی کارکردگی کمزور ہونے کی صورت میں جسم کے پٹھوں اور دیگر حصوں تک آکسیجن سے بھرپور خون کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے، جس سے توانائی کی کمی اور مسلسل تھکن محسوس ہوتی ہے۔

مثلاً اگر کوئی شخص پہلے بغیر دشواری کے سیڑھیاں چڑھ لیتا تھا لیکن اب چند سیڑھیاں چڑھنے پر ہی نڈھال ہوجاتا ہے تو اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق غیر معمولی اور مسلسل تھکاوٹ بھی دل کی کمزوری سے وابستہ علامات میں شامل ہوسکتی ہے۔

4۔ پیدل چلنے کے دوران پنڈلیوں میں درد

چہل قدمی یا جسمانی سرگرمی کے دوران پنڈلیوں میں درد، کھنچاؤ یا تکلیف محسوس ہونا بھی شریانوں میں خون کی روانی متاثر ہونے کا اشارہ ہوسکتا ہے۔

اس کیفیت میں متاثرہ شخص کو چلتے ہوئے درد محسوس ہوتا ہے، تاہم کچھ دیر رک کر آرام کرنے سے تکلیف کم ہوجاتی ہے۔ دوبارہ چلنے یا جسمانی سرگرمی شروع کرنے پر درد پھر سے پیدا ہوسکتا ہے۔

اس کی بنیادی وجہ ٹانگوں کی شریانوں میں تنگی ہوسکتی ہے، جس کے باعث جسمانی سرگرمی کے دوران پٹھوں کو مطلوبہ مقدار میں خون نہیں مل پاتا۔ اکثر افراد اسے بڑھتی عمر یا پٹھوں کا عام درد سمجھتے ہیں، لیکن بار بار ایسی شکایت ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

5۔ پاؤں کا ٹھنڈا رہنا اور انگلیوں کا سن ہونا

پاؤں کا مسلسل ٹھنڈا رہنا، انگلیوں میں سنسناہٹ محسوس ہونا یا بے حسی پیدا ہونا بھی خون کی ناقص گردش کی ممکنہ علامات ہیں۔

جب ٹانگوں اور پاؤں تک خون کی مناسب مقدار نہیں پہنچتی تو وہاں موجود خلیوں اور بافتوں کو آکسیجن اور ضروری غذائی اجزا کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاؤں کا درجہ حرارت کم رہ سکتا ہے اور انگلیوں میں سن ہونے یا سوئیاں چبھنے جیسی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

6۔ پاؤں کے زخم دیر سے بھرنا

پاؤں پر معمولی زخم یا خراش کا طویل عرصے تک ٹھیک نہ ہونا بھی شریانوں میں خون کی فراہمی متاثر ہونے کی علامت ہوسکتا ہے۔

خون کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن اور غذائیت پہنچتی ہے، جو زخم بھرنے کے قدرتی عمل کے لیے ضروری ہیں۔ اگر پاؤں تک خون کی روانی کم ہوجائے تو زخم بھرنے میں غیر معمولی تاخیر ہوسکتی ہے۔ بعض صورتوں میں انفیکشن اور السر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

کن علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے؟

ماہرین کے مطابق مذکورہ علامات میں سے کسی ایک کا ظاہر ہونا لازمی طور پر دل یا شریانوں کی بیماری کی تصدیق نہیں کرتا، کیونکہ ان کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔ تاہم علامات مسلسل برقرار رہنے یا ان میں شدت آنے کی صورت میں طبی معائنہ ضروری ہے۔

ڈاکٹر مریض کی کیفیت کے مطابق بلڈ پریشر، خون کی گردش اور ٹخنے سے بازو تک بلڈ پریشر کے تناسب کا ٹیسٹ (اے بی آئی) تجویز کرسکتے ہیں۔ اس معائنے کے ذریعے ٹانگوں کی شریانوں میں خون کی روانی اور ممکنہ تنگی کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ اچانک سینے میں درد، شدید سانس کی تکلیف یا بے ہوشی جیسی علامات سامنے آئیں تو فوری طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ اور ان کی بروقت تشخیص کے لیے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ابتدائی علامات کی شناخت اور بروقت طبی معائنہ بیماری کی سنگینی کم کرنے اور مناسب علاج شروع کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت