نیوزی لینڈ میں خاتون کی عجیب غلطی: قے کرتے ہوئے کانٹا نگل لیا

ہیملٹن: نیوزی لینڈ میں ایک 27 سالہ خاتون قے کرنے کی کوشش میں غلطی سے کھانے والا کانٹا نگل گئیں جس سے ان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے جیسے ہی طبیعت ناساز ہونے پر الٹی کرنے کی کوشش کی، ان کے ہاتھ میں موجود کانٹا غیر ارادی طور پر گلے کے راستے نیچے چلا گیا۔
اس واقعے کے بعد خاتون کو فوری طور پر وائیکاٹو اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ طبی معائنے اور ایکسرے رپورٹ سے یہ حیران کن انکشاف ہوا کہ کھانے کا پورا کانٹا خاتون کے معدے میں موجود ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس سنگین صورتحال پر فوری طور پر غور و خوض شروع کر دیا۔
ڈاکٹر جیسی فشر نے اس واقعے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا کانٹا معدے تک پہنچنا ایک غیر معمولی اور تشویشناک بات ہے، تاہم خوش قسمتی یہ رہی کہ کانٹا معدے کی دیواروں کو نقصان نہیں پہنچا سکا اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی سوراخ ہوا۔
اسپتال میں تعینات سرجنز نے ابتدائی طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے کانٹا منہ کے راستے باہر نکالنے کی دو بار کوشش کی۔ دونوں کوششیں ناکام ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے لیپروسکوپک سرجری کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پیٹ پر 4 سینٹی میٹر کا چیرا لگا کر انتہائی مہارت کے ساتھ کانٹا کامیابی سے باہر نکال لیا۔
آپریشن کے بعد خاتون کی صحت یابی کا عمل تیزی سے مکمل ہوا اور انہیں کسی قسم کی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سرجری کے 2 روز بعد ہی ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔ یہ واقعہ طبی نقطہ نظر سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر جیسی فشر نے مزید کہا کہ انسانی جسم میں غیر ضروری اور سخت اشیاء کا جانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی صورتحال میں جان بچانے کے لیے بڑی سرجری ناگزیر ہو جاتی ہے، اس لیے عام لوگوں کو اپنی روزمرہ کی عادات میں احتیاط برتنی چاہیے۔ اب خاتون مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور اپنی معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ چکی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت