ملائیشیا میں مقیم 6 ہزار 500 سے زائد میانماری شہریوں کی وطن واپسی کا فیصلہ

ملائیشیا نے میانمار سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار 803 تارکین وطن کو دسمبر میں واپس بھیجنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، تاہم اس فیصلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میانمار میں جاری فوجی تنازع اور تشدد کے باعث واپس جانے والے افراد کی جانوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ میانمار کے تقریباً 1 ہزار 500 شہریوں کو 6 اور 7 دسمبر کو 3 بحری جہازوں کے ذریعے وطن واپس منتقل کیا جائے گا، جبکہ مزید 5 ہزار 303 افراد کو فضائی راستے سے میانمار بھیجا جائے گا۔ ان کے مطابق فضائی سفر پر آنے والے اخراجات میانمار کی حکومت برداشت کرے گی۔
ملائیشین حکومت کے اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 6 ہزار 803 افراد کی واپسی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی یکم دسمبر کے بجائے 6 اور 7 دسمبر کو شروع ہوگی۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں اور پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے حلقوں نے اس اقدام پر شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میانمار میں فوجی تنازع، مسلح تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے حالات میں تارکین وطن کو واپس بھیجنا ان کی سلامتی اور زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
انسانی حقوق کے اداروں نے ملائیشیا کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ایسے کسی بھی شخص کو زبردستی واپس نہ بھیجے جسے اپنے وطن پہنچنے پر ظلم، تشدد یا دیگر سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہو۔
تاہم ملائیشین حکومت نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میانمار کے شہریوں کی وطن واپسی کا عمل ان کی رضامندی سے انجام دیا جائے گا۔ حکومت کے مطابق میانمار کی جانب سے بھی واپس آنے والے شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔
اس معاملے پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور ملائیشین حکومت کے درمیان مؤقف کا واضح اختلاف سامنے آیا ہے، جہاں حکومت اسے رضاکارانہ واپسی قرار دے رہی ہے، وہیں حقوق انسانی کے ادارے میانمار کے موجودہ حالات کے پیش نظر اس فیصلے کو خطرناک قرار دے رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت