داعش کی حمایت پر امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا

واشنگٹن: امریکا میں داعش کی حمایت، اس کے حق میں پروپیگنڈا پھیلانے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے کے جرم میں ایک امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 30 سالہ انس سعد کو داعش کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں معاونت چھپانے اور ایف بی آئی کو گمراہ کرنے کے الزامات میں سزا سنائی گئی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انس سعد نے داعش کے حق میں ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ وہ سماجی رابطوں کے ذرائع کے ذریعے تنظیم کا پروپیگنڈا پھیلاتا رہا، جبکہ ٹیلی گرام پر داعش کے حامیوں سے رابطے اور مشاورت بھی کرتا تھا۔
محکمہ انصاف کے مطابق ملزم نے اپنی تیار کردہ پروپیگنڈا ویڈیوز داعش سے منسلک ایک ذرائع ابلاغ کے ادارے کو بھی بھیجی تھیں۔ ان ویڈیوز اور پوسٹرز کے ذریعے تنظیم کے نظریات اور سرگرمیوں کی تشہیر کی جاتی تھی۔
حکام کے مطابق انس سعد نے ایف بی آئی سے ہتھیاروں سے متعلق معلومات چھپانے اور جھوٹ بولنے کا بھی اعتراف کیا۔
عدالتی فیصلے کے تحت ملزم کو 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ رہائی کے بعد بھی اسے تاحیات نگرانی میں رکھا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت