عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ، امریکی تیل 80 ڈالر سے نیچے

واشنگٹن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں امریکی خام تیل کی قیمت اگست کے بعد پہلی بار 80 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے گر گئی ہے۔ سرمایہ کاروں میں رسد بڑھنے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی اور یہ 79.95 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کا دوسرا اہم پیمانہ برینٹ خام تیل بھی 4.1 فیصد سستا ہو کر 88.75 ڈالر پر فروخت ہوا۔
قیمتوں میں اس گراوٹ کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں کے وہ خدشات ہیں جن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی رسد میں اضافہ اور ضرورت سے زیادہ ذخائر جمع ہونا شامل ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق منڈی میں طلب کے مقابلے میں تیل کی فراہمی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باوجود خطے سے تیل کی ترسیل میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ لیبیا کی ایک اہم تیل پائپ لائن کے دوبارہ فعال ہونے سے بھی عالمی منڈی میں تیل کی دستیابی آسان ہوئی ہے جس کے اثرات قیمتوں میں کمی کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز بند ہونے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قلت پیدا ہوئی تھی، جس سے قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی تھیں۔ تاہم کشیدگی میں کمی اور ترسیل بحال ہونے سے عالمی منڈی میں صورتحال اب معمول پر آ رہی ہے۔
سرمایہ کار اب عالمی معیشت کی رفتار اور تیل کی طلب کے اعداد و شمار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر رسد کا یہی سلسلہ برقرار رہا تو قیمتوں میں مزید استحکام متوقع ہے۔ یہ پیش رفت عالمی صارفین کے لیے مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت