امریکا کی شمالی کورین ہیکرز کیخلاف بڑی کارروائی، ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کے چوری شدہ کرپٹو اثاثے منجمد

واشنگٹن: امریکا نے شمالی کوریا سے منسلک ہیکرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ ڈیجیٹل اثاثے منجمد کرادیے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق چوری شدہ ڈیجیٹل کرنسی کا سراغ لگانے کے لیے بلاک چین ریکارڈ سے مدد لی گئی، جبکہ کرپٹو کمپنی سرکل کے تعاون سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کیے گئے۔
امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ ہیکرز نے گزشتہ ماہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس سے 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی چوری کی تھی۔ چوری شدہ اثاثوں کو مختلف ذرائع سے منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم بلاک چین ریکارڈ کی مدد سے ان کا سراغ لگا لیا گیا۔
حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 2 ارب 90 کروڑ ڈالر مالیت کے چوری شدہ ڈیجیٹل اثاثوں کی منتقلی روکنے یا انہیں واپس حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی جاچکی ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ انصاف نے منجمد کیے گئے ڈیجیٹل اثاثوں کو مستقل طور پر ضبط کرنے کے لیے وفاقی عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت