منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کیخلاف مناسب حالت دیکھ کر فوجی کارروائی کردینی چاہیے، سابق موساد چیف کی ہرزہ سرائی

قومی خبریں

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سابق سربراہ ڈیوڈ بارنیا نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کرنے کے لیے سازگار حالات کا انتظار کرنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ فوجی کارروائی کے لیے درست وقت کا تعین انتہائی ضروری ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ڈیوڈ بارنیا نے یورپی قیادت کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے سفارتی معاہدے کی کامیابی کے امکانات معدوم ہیں۔ ان کے مطابق تہران کا بنیادی اور حتمی مقصد صرف جوہری ہتھیاروں کا حصول ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے موجودہ نظام کو ختم کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اگر ایران کی جوہری صلاحیتوں کو روکنے کے لیے دوبارہ جنگ کا راستہ اختیار کرنا پڑے تو اسرائیل کو گریز نہیں کرنا چاہیے۔

اس صورتحال پر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی طرف سے لگائی گئی بحری ناکہ بندی ہرگز قابل قبول نہیں۔

ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی ملکی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن ذرائع استعمال کرے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رہے گی اور اس کا انحصار واشنگٹن کے فیصلوں پر ہے۔ ایران کا مطالبہ ہے کہ امریکا پہلے تمام پابندیاں ختم کرے اور بحری ناکہ بندی کو فوری طور پر روکے۔ تب ہی صورتحال میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔

دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کے لیے دباؤ بڑھانے کی اطلاعات ہیں، تاہم اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کوئی بھی جارحانہ کارروائی خطے میں وسیع تر جنگ کا باعث بن سکتی ہے جس کی لپیٹ میں لبنان، شام اور غزہ بھی آئیں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جاری اس کشیدگی نے عالمی طاقتوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان براہ راست تصادم مشرق وسطیٰ میں امن و امان کی صورتحال کو انتہائی خطرناک موڑ پر لے جا سکتا ہے جس کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت