قدیم رومی لائبریری ایک صدی بعد سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دی گئی

روم: اٹلی کے دارالحکومت میں واقع قدیم رومی سلطنت کے دور کی مشہور اُلپیا لائبریری کو ایک طویل عرصے کے بعد بحال کرکے عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
تاریخی اہمیت کی حامل یہ لائبریری طویل عرصے سے عام شہریوں کی پہنچ سے مکمل طور پر دور تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قدیم کتب خانے کے باقیات شہر کے مشہور ٹریجن فورم میں واقع ہیں جہاں تاریخی ٹریجن کالم بھی نصب ہے۔ یہ کالم رومی شہنشاہ ٹریجن کی جانب سے لڑی گئی تاریخی جنگوں اور فتوحات کی علامت سمجھا جاتا ہے جو سلطنت کے عروج کی داستان سناتا ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ جگہ ماضی میں دنیا کے اہم ترین مراکزِ علم میں شمار ہوتی تھی۔ یہاں قدیم زمانے کی نادر کتابوں اور اہم تاریخی دستاویزات کا ایک بہت بڑا ذخیرہ موجود تھا جس نے اس مقام کو علمی اور تہذیبی لحاظ سے اہم بنایا۔
روم کے محکمہ ثقافتی ورثہ کے سربراہ کلاڈیو پیرسی پریسچے نے کہا کہ یہ لائبریری اسکندریہ اور پرگامون کے کتب خانوں کے ہم پلہ مقام رکھتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ قدیم تاریخ کے اس اہم اثاثے کی بحالی پوری دنیا کے محققین اور تاریخ دانوں کے لیے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔
تقریباً 100 برس تک بند رہنے کے بعد اس لائبریری کا دوبارہ کھلنا روم کی ثقافتی سرگرمیوں میں ایک نیا اضافہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مقام کی بحالی سے مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر سے آنے والے سیاح قدیم روم کی علمی تاریخ کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔
اس تاریخی مقام کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام انتہائی احتیاط سے مکمل کیا گیا تاکہ اس کی قدیم حیثیت برقرار رہے۔ انتظامیہ کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ یہ اقدام آنے والی نسلوں کے لیے اپنے شاندار ماضی سے جڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت