پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

روس کے یوکرینی دارالحکومت کیف پر میزائل اور ڈرون حملے، ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی

قومی خبریں
روس کے یوکرینی دارالحکومت کیف پر میزائل اور ڈرون حملے، ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی

یوکرین اور روس کے درمیان ڈرون حملوں کا تبادلہ جاری ہے، یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ہونے والے ایک روسی حملے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر روسی فضائی حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حملوں کے دوران 5 منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ تباہ ہونے کے بعد ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس نے گزشتہ رات کیف کے نواحی علاقے دیمیر کو نشانہ بنایا، جہاں ڈرون حملے کے نتیجے میں رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے سے زخمیوں کو نکالنے کے ساتھ لاپتا افراد کی تلاش بھی شروع کردی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسی دوران بیلا تسیرکوا میں ایک نجی مکان پر حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے گزشتہ رات یوکرین کے شہر ازمیل میں توانائی کی تنصیبات اور بندرگاہی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔

ادھر روس کے صوبے پرم میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

رپورٹ کے مطابق موسم سرما کی آمد اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کے ساتھ روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام پر حملوں میں شدت پیدا کردی ہے، جس سے بجلی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریمیا کے پل کو نقصان پہنچانے والے یوکرینی حملوں کے ردعمل میں سخت کارروائی کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت