ایران پر یکطرفہ حملہ تباہ کن ثابت ہوگا، اسرائیلی انٹیلی جنس کی نیتن یاہو کو تنبیہ

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر یکطرفہ فوجی حملے کی کوشش کرنا خطے کو بڑی تباہی کی جانب دھکیل سکتا ہے جس کے نتائج ناقابل برداشت ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹیلی جنس حکام نے بند کمرے کے ایک اجلاس میں نیتن یاہو کو خبردار کیا کہ ایران پر کسی بھی طرح کا حملہ صرف دو ممالک کے درمیان محدود نہیں رہے گا۔ یہ جنگ فوری طور پر لبنان، شام اور غزہ کے محاذوں تک پھیل سکتی ہے۔
اسرائیلی دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام نے نیتن یاہو کو ممکنہ فوجی کارروائی کے سنگین اور دور رس نتائج سے آگاہ کیا ہے۔ یہ انتباہ نیتن یاہو کے اس اندازے کے برعکس ہے جس میں وہ 3 سے 5 روز میں ایران کو شکست دینے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کا آغاز کریں، تاہم امریکی صدر تاحال اس معاملے پر کسی بھی حتمی فیصلے سے گریز کر رہے ہیں۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما آویگدور لائبرمین نے بھی ایران پر حملے کی شدید مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو بغیر کسی بین الاقوامی حمایت کے یکطرفہ فیصلہ کر سکتے ہیں، جس کے پیچھے قومی مفاد کے بجائے ان کے ذاتی سیاسی محرکات زیادہ کارفرما نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی سیاسی اور دفاعی قیادت کے درمیان اس وقت شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ جہاں وزیراعظم عسکری مہم جوئی پر بضد ہیں، وہیں انٹیلی جنس ادارے اسے ملکی سلامتی کے لیے خودکشی قرار دے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے پورے مشرق وسطیٰ میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اسرائیلی فوج نے ان خفیہ اجلاسوں کی تفصیلات پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم ملک کے اندر بڑھتی ہوئی یہ کشمکش ظاہر کرتی ہے کہ ایرانی معاملے پر صہیونی حکومت کے اپنے ہی ادارے تقسیم کا شکار ہیں اور کسی بھی قسم کی غلط حکمت عملی خطے کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت