پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستانی وزیر سے باضابطہ دوطرفہ بات چیت نہیں ہوئی: بھارتی وزیر ثقافت

قومی خبریں

بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کے ساتھ فورم کے موقع پر کوئی باضابطہ دوطرفہ بات چیت نہیں ہوئی۔

تین روزہ فورم 22 نومبر کو انڈراپرستھا اعلامیے کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ اور تہذیبی ورثے کے تحفظ پر زور دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق وویک اگروال سے جب پوچھا گیا کہ کیا فورم کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان علیحدہ مذاکرات ہوئے تو انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ بات چیت نہیں ہوئی۔

تاہم بھارتی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ ضیافتوں اور اجلاسوں کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں اور غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق مصدق ملک نے فورم کے موقع پر تاجکستان اور ایران کے حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں ثقافتی تعاون اور باہمی روابط سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق بھارتی حکام کے ساتھ کسی باضابطہ پاک بھارت مذاکرات کی تصدیق نہیں ہوئی۔

انڈراپرستھا اعلامیے میں تہذیبی ورثے کے تحفظ، ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام، تمام تہذیبوں کو مساوی اہمیت دینے اور مشترکہ ثقافتی منصوبوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت